نیٹو کو روس اور چین کے بارے میں   پالیسی واضح کرنا ہوگی، ٹرمپ انتظامیہ

نیٹو کو روس اور چین کے بارے میں   پالیسی واضح کرنا ہوگی، ٹرمپ انتظامیہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


واشنگٹن(اظہر زمان، بیوروچیف) صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ ہفتے لندن میں ہونے والی نیٹو کی سربراہ کانفرنس میں شرکت کیلئے جا رہے ہیں جہاں عالمی لیڈروں سے ان کی ملاقاتوں کا شیڈول تیار ہو گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے بیان کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے نیٹو حکام پر زور دیا ہے کہ اس کانفرنس میں انہیں روس اور چین کے بارے میں پالیسی واضح کرنی چاہئے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ چین عالمی سطح پر اپنے اثر و نفوذ کو مزید بڑھانے کی جو کوششیں کر رہا ہے وہ باعث تشویش ہے۔ امریکی حکام کے مطابق اس وقت نیٹو کو جو چیلنج درپیش ہیں ان میں چین سرفہرست ہے۔ اس کے علاوہ روس بھی مسلسل اپنے ہمسایہ ممالک کی سالمیت کے خلاف اقدامات کرنے میں مصروف ہے۔ شیڈول کے مطابق صدر ٹرمپ منگل کے روز نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز سٹولٹن برگ کے ساتھ ورکنگ ناشتہ کریں گے اور بعد ازاں فرانس کے صدر عمونوئل میکرون کے ساتھ رسمی ملاقات کریں گے۔ شام کو وہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کے نیٹو شرکاء کیلئے استقبالیہ میں اور بدھ کے روز سے نیٹو کانفرنس کے باقاعدہ آغاز پر شرکت کریں گے۔ صدر ٹرمپ سربراہ کانفرنس کی سائیڈ لائن جن دوسرے ممالک کے لیڈروں سے ملاقاتیں کریں گے ان میں اسٹونیا، جرمنی، یونان، لیٹویا، پولینڈ، رومانیہ، لیتھونیا، بلغاریہ، برطانیہ، ڈنمارک اور اٹلی شامل ہیں۔
ٹرمپ انتظامیہ

مزید :

صفحہ اول -