قوم کے مسترد کردہ عناصر کو منفی سیاست سے توبہ کر لینی چاہئے: عثمان بزدار

    قوم کے مسترد کردہ عناصر کو منفی سیاست سے توبہ کر لینی چاہئے: عثمان بزدار

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہاہے کہ انتشار کی سیاست کرنے والے عناصر ملک و قوم کے ساتھ مخلص نہیں اور یہ عناصر عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں، پاکستانی قوم افراتفری کی خواہش رکھنے والے عناصر کو ہمیشہ کیلئے مسترد کرچکی ہے لہٰذامنفی سیاست کرنے والے عناصر پاکستان کے مفاد کی خاطر ہوش کے ناخن لیں۔ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مسترد شدہ عناصر کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیے اور منفی سیاست سے توبہ کر لینی چاہیے کیونکہ اب پاکستان کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کی سیاست ہی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی سب سے زیادہ مقدم ہے جبکہ تحریک انصاف کی حکومت کی شبانہ روز کاوشوں سے ملک معاشی بحران سے نکل آیا ہے اوروزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عوام سے کئے ہوئے وعدے پورے کریں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ حکومت نے بے پناہ محنت کیساتھ ملک کو درست سمت کی طرف گامزن کردیا ہے اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک پائیدار ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام نے تحریک انصاف کی حکومت کو پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے لہٰذا حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور عدم استحکام پیدا کرنے کی سازشیں کرنے والے عناصر کے عزائم پورے نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ اداروں میں تصادم کی خواہش رکھنے والوں کو منہ کی کھانا پڑی ہے کیونکہ پاکستان کی ترقی کے لئے ہر ادارہ ایک صفحے پر ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے کرپشن کر کے اداروں کو کنگال کیا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے بڑے بڑے کرپٹ عناصر کو بے نقاب کیا ہے اوروزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو کرپشن سے پاک کریں گے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گوجرانوالہ کے سول ہسپتال میں 2بچیوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیراعلیٰ نے واقعہ کی تحقیقات کاحکم دیتے ہوئے کہاہے کہ غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے کارروائی کی جائے۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے گوجرانوالہ کے تھانہ نوشہرہ ورکاں کی حدود میں 4افراد کے قتل کے واقعہ پرآرپی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیراعلیٰ نے قتل کے واقعہ میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتار ی کاحکم دیاہے اور ہدایت کی ہے کہ مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے راولپنڈی کے علاقے کلر سیداں میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے کار سوار شہری کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے سی پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر لی۔وزیراعلیٰ نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کے ساتھ ساتھ محکمانہ کارروائی بھی کی جائے۔انہوں نے کہاکہ قانون سب کے لئے برابر ہے اورکسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول