جی ایس پی پلس سٹیٹس کی تجدید کیخلاف بھارتی سازشیں ناکام بنائیں گے: چودھری سرور

  جی ایس پی پلس سٹیٹس کی تجدید کیخلاف بھارتی سازشیں ناکام بنائیں گے: چودھری ...

  



لاہور(این این آئی)گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس کی تجدید کیخلاف بھارتی سازشیں ناکام بنائیں گے،پاکستان اور یورپی یونین کے مابین پائیدار ترقی کیلئے شفاف اور تعمیری تعاون میں مزید اضافہ ہو ا ہے۔ لاہور سے یور پ کے دورہ پر روانگی کے وقت علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ بدقسمتی سے بھارت صرف انسانیت کا ہی نہیں خطے کی ترقی اور خوشحالی کا بھی بدتر ین دشمن ہے بھارتی لابی پاکستان کے لئے جی ایس پی پلس سٹیٹس کی منسوخی کے لئے سرگرم ہے مگر ہم نے پہلے بھی بھارت کو سفارتی محاذ پر ناکام بنایا ہے اور اب بھی انکو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا مَیں دورہ یور پ کے دوران جی ایس پلس سٹیٹس کی مزید3سال کی تجدید کے حوالے سے یورپین پارلیمنٹ کے اراکین خصوصا پارلیمانی کمیٹی برائے عالمی تجارت کے اراکین سے اہم ملاقاتیں کر وں گا اور انہیں بتاؤں گا کہ پاکستان نے معاشی سمیت دیگر شعبوں میں کون کون سے تاریخی اقدامات کیے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کی برآمدات کو جی ایس پی پلس کی بدولت خاصا استحکام ملااور5برسوں کے دوران پاکستان کو15ارب ڈالرز سے زائد کا فائدہ ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس فریم ورک کے تحت پاکستان اور یورپی یونین کے مابین پائیدار ترقی کیلئے شفاف اور تعمیری تعاون میں مزید اضافہ ہو ا ہے جس کا یورپی یونین کے حکام متعدد بار اعتراف کر چکے ہیں پاکستان یورپی یونین کے ساتھ معاشی، تجارتی اور سوشل سیکٹرز میں تعمیری تعاون جاری رکھے گا۔گور نر پنجاب نے مزید کہا کہ مَیں اس دورے کے دوران مسئلہ کشمیر اور بھارت کے جنگی جنون کے حوالے سے بھی دنیا کو آگاہ کر وں گا کیونکہ کشمیر میں آج بھی کر فیو اور بے گناہوں کا قتل عام جاری ہے اور کشمیر میں خواتین کی عزت بھی محفوظ نہیں مَیں سمجھتاہوں کہ یورپی یونین کو کشمیر میں کر فیو اور بھارتی مظالم کے خاتمے کیلئے بھی اپنا کردار ادا کر نا چاہیے کیونکہ خطے میں امن و استحکام کیلئے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل لازم ہو چکا ہے۔

چودھری سرور

مزید : صفحہ آخر