لاہور بار کی ڈاکٹروں کو گرفتار کرنے کیلئے 2دسمبر کی نئی ڈیڈ لائن 

لاہور بار کی ڈاکٹروں کو گرفتار کرنے کیلئے 2دسمبر کی نئی ڈیڈ لائن 

  



لاہور(نامہ نگار)لاہور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے پی آئی سی کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو گرفتار کرنے کے لئے 2دسمبر کی نئی ڈیڈ لائن دے دی،وکلاء نے دھمکی دی ہے کہ2دسمبر تک ملزم گرفتار نہ ہوئے تو وکلاء خود بدلہ لیں گے۔وکلاء نے ملزموں کی عدم گرفتاری پر2دسمبر کوہڑتال کی کال بھی دے دی،وکلاء اورپی آئی سی ڈاکٹر زکے درمیان لڑائی کے معاملے پر لائحہ عمل کی تیاری کے لئے لاہور بار ایسوسی ایشن کا ایک مرتبہ پھر اجلاس عام ہوا،جس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ لاہور ڈسٹرکٹ بارکاآئندہ اجلاس2 دسمبر کو لاہور ہائیکورٹ میں ہوگا۔وکلاء پر تشدد کرنے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی گرفتاری کے لئے پنجاب پولیس کو دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے پر بلائے گئے اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لاہور ڈسٹرکٹ بار کے صدر عاصم چیمہ نے کہا کہ تمام لواحقین اپنے مریضوں کو کسی اور ہسپتال میں منتقل کرلیں پھر ڈاکٹروں سے نمٹیں گے،اگر 2دسمبر تک گرفتاریاں نہ ہوئیں تو وکلاء اپنا بدلہ خود لیں گے، ہم جب خود بدلہ لیں گے تو مریضوں کو ایک روز پہلے اطلاع دیں گے۔ایوان عدل میں ہونے والے لاہور ڈسٹرکٹ بار کے اجلاس عام میں وکلا ء کی بڑی تعداد موجود تھی۔

لاہور بار

مزید : صفحہ آخر