لاہور میں سموگ کافی حد تک ختم، دھند میں اضافہ،بارشوں کی پیشگوئی 

  لاہور میں سموگ کافی حد تک ختم، دھند میں اضافہ،بارشوں کی پیشگوئی 

  



لاہور، کراچی (نیوز ایجنسیاں)لاہور میں سموگ کا راج بڑی حد تک ختم ہوگیا، اب اس کی جگہ فوگ نے لینے کی تیاری کرلی۔ محکمہ موسمیات نے اِس مرتبہ ماہ دسمبر کے دوران دھند کی شدت زیادہ رہنے کے امکانات ظاہر کرنے سمیت نے دسمبر کے پہلے ہفتے میں بارشوں کی نوید سنادی اور پیشگوئی کی کہ آئندہ ہفتے بار شو ں سے لاہور میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا تھا شہر میں سرد ہوائیں چلنے سے ہفتے کے روز شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 9 اور زیادہ سے زیادہ 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے دسمبر کے مہینے میں کراچی میں بھی سردی کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی کردی۔ ترجمان کے مطابق دسمبر کے آغاز سے کراچی کا موسم مزید سرد اور درجہ حرارت گرے گا جبکہ شہر میں ٹھنڈی ہو ا ئیں بھی چلتی رہیں گی۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں صبح کے اوقا ت میں آج اتوار کو دھند چھانے کا امکان ہے۔دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ پنجاب کے بعض میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔پنجاب میں سموگ نے لوگوں کی زندگی مشکل بنا دی۔ دھند کی وجہ سے حد نگاہ کم ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہے۔سموگ کے عفریت نے کئی ہفتوں تک لاہور کو اپنی لپیٹ میں لیے رکھا، اِس دوران کئی ایک مواقع پر لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر بھی براجمان رہا۔ اِس صورتحال پر وزیراعظم عمران خان کی طرف سے بھی تشویش کا اظہار سامنے آچکا ہے۔ مقام شکر ہے بالآخر اِس سے بڑی حد تک نجات حاصل ہوگئی۔دوسری طرف محکمہ موسمیات کی طرف سے قرار دیا گیااب سموگ کی جگہ فوگ نے لینے کی تیاری مکمل کرلی  جس کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور لاہور میں بھی دھند پڑنا شروع ہوچکی ہے، ماہ دسمبر کے دوران اِس کی شدت گذشتہ برسوں کی نسبت زیادہ رہنے کے امکانات بھی ظاہر کیے گئے۔دھند سے کسی حد تک مشکل تو ضرور ہوتی ہے لیکن یہ اپنے اندر متعدد رومانوی تصورات بھی لیے ہوئے آتی ہے۔

محکمہ موسمیات

مزید : صفحہ آخر