داؤ د اوغلو کی طیب اردوان سے مقابلے کیلئے نئی جماعت بنانے کی تیاریاں مکمل 

داؤ د اوغلو کی طیب اردوان سے مقابلے کیلئے نئی جماعت بنانے کی تیاریاں مکمل 

  



انقرہ (این این آئی)ترکی کے سابق وزیراعظم احمد داؤد اوغلو آئندہ چند ہفتوں کے دوران ایک نئی جماعت تشکیل دیں گے۔ اوغلو جو ایک وقت صدر رجب طیب ایردوآن کے قریب ترین حلیف تھے، انہوں نے ستمبر میں جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ انہوں نے پارٹی پر آزادی کو سبوتاڑ کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔عرب ٹی وی کے مطابق نئی جماعت کی تاسیس میں شریک ایک ذریعے نے بتایا کہ توقع ہے کہ اوغلو کی جانب سے تشکیل دی جانے والی نئی جماعت وزارت داخلہ کو درخواست دے گی۔ جماعت کی سرکاری طور پر تاسیسی چند ہفتوں میں ہو جائے گی۔مذکورہ ذریعے کے مطابق بعض سابق سیاسی شخصیات اور سرکاری سیکٹر میں سینئر ذمے داران داؤد اوغلو کی جماعت میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ ذریعے نے مزید بتایا کہ نئی پارٹی کی تشکیل حتمی مراحل میں ہے۔ ہم نے انقرہ میں عمارتیں اور صدر دفتر جب کہ استنبول میں ایک عارضی مرکز کرائے پر حاصل کر لیا ہے۔داؤد اوغلو نے 13 ستمبر کو جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کی رکنیٹ سے استعفا دے دیا تھا جو 2002 سے ترکی پر حکمرانی کر رہی ہے۔ اوغلو کا کہنا تھا کہ حکمراں جماعت ملک کے مسائل حل کرنے کی قدرت کھو چکی ہے اور جماعت کے اندر داخلی مکالمے کی اجازت باقی نہیں رہی۔

مزید : علاقائی