کینیا میں ایک ہی روز 2سال کے برابر بارش، 120افراد ہلاک 

کینیا میں ایک ہی روز 2سال کے برابر بارش، 120افراد ہلاک 

  



نیروبی(آئی این پی)مشرقی افریقا میں ایک روز میں دو سال کے برابر بارش نے ہر طرف تباہی مچا دی اور صرف کینیا میں مختلف حادثات میں 120 افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو گئے۔اقوام متحدہ اور فیمین ارلی وارننگ سسٹم نیٹ ورک کے مطابق افریقی ملک ڈجی بوٹی میں صرف ایک روز میں دو سال کے برابر بارش ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق افریقی ممالک جن میں کینیا بھی شامل ہے، اکتوبر سے نومبر کے وسط تک اوسط درجے سے 300 فیصد زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔اقوام متحدہ اور ڈجی بوٹی حکام کی مشترکہ رپورٹ کے مطابق حالیہ بارشوں سے امریکا اور چین کی فوجی بیس رکھنے والے ملک میں 10 لاکھ کے قریب افراد متاثر ہو چکے ہیں اور مزید بارشوں کی پیش گوئی کے باعث اس تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔کینین حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں کے باعث کینیا میں سیلاب اور سلائیڈنگ کے باعث 120 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، 60 سے زائد افراد مغربی پوکوٹ کانٹی میں ہلاک ہوئے۔حکام کے مطابق بارش اور سیلاب کے باعث ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور انفرا اسٹرکچر کو بھی بری طرح نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے امدادی کارروائیاں مزید مشکل ہو گئی ہیں۔پوکوٹی کانٹی میں ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں کے بعد نمونیا اور ڈائریا سمیت دیگر بیماریاں بڑے پیمانے پر بڑھنے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب مقامی حکام نے امدادی کارروائیوں میں سستی کا الزام عائد کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے فلاحی کام تیز کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔مغربی پوکوٹ کانٹی کے ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ بارشوں اور سیلاب کے باعث 5000 نفوس پر مشتمل دو گاں کا رابطہ مکمل طور پر دنیا سے منقطع ہو گیا ہے اور لوگوں کو فوری طور پر غذائی اجناس اور دیگر ضروری اشیا کی ضرورت ہے۔

مزید : علاقائی