ڈیرہ،آر پی او کا ضلع ٹانک کا دورہ
ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان محمد امتیاز شاہ نے گزشتہ روز ضلع ٹانک کا دورہ کیا، ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ رینج نے ضلعی پولیس سربراہ ٹانک کے دفتر کا معائنہ کیا اور عملہ سے ملاقاتیں کیں۔اس موقع پر ضلعی پولیس آفیسر ٹانک عارف خان، ایس پی تفتیش ضلع ٹانک گل نصیب خان، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر عمر دارز خان اور دیگر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ضلعی پولیس آفیسر ٹانک نے ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ کو ٹانک پولیس کی کارکردگی کے بارے تفصیلی طور پر آگاہ کیا جس پر ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر بھر غیر قانونی پیڑول ایجنسیوں اور ان کے مالکان کے خلاف بھر پور قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے اور کسی قسم کی رعایت نا برتی جائے اور ٹانک کے نواحی علاقہ جات میں منشیات فروشی کی موصول ہونی والی شکایات کا فوری تدارک کیا اور منشیات فروشوں کے خلاف بھر ایکشن لیا جائے۔ مزید بات کرتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ نے کہا کہ اپنی ڈیوٹی پوری ایمانداری سے کرنا ہمارا فرض ہے اور عوام کی جان و مال اور عزت کی حفاظت ہماری ڈیوٹی میں شامل ہے اور ایسے افراد کے ساتھ کسی بھی قسم کی رعایت نہیں برتی جانی چاہئے جو اس ملک یا اس کے لوگوں کو نقصان پہنچانے کے درپے ہوں۔شر پسند اور غیر قانونی سر گرمیوں میں ملوث افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے تاکہ اس شہر کی عام عوام بلا خوف و خطر اپنے تمام معاملات زندگی اور تمام ذاتی معاشرتی سرگرمیاں اپنی مرضی اور با خوف سر انجام دے سکیں کسی بھی فرد کو قانون شکنی کی اجازت نا دی جائے۔بعدازاں ریجنل پولیس چیف ڈیرہ نے تھانہ شہید مرید اکبر ٹانک اور پولیس لائنز ٹانک کا بھی معائنہ کیا اور تھانہ کا ریکارڈ چیک کیا۔ آخر میں ریجنل پولیس چیف نے تھانہ جنڈولہ کا دورہ کیا اور تھانہ میں تعینات پولیس نفری اور تھانہ جنڈولہ کی کارکردگی کے بارے میں ڈی ایس پی جنڈولہ نبی گل سے تفصیلی طور پر آگاہی حاصل کی۔