جرائم کیخلاف پولیس کا مدد گار،روبوٹک کتا متعارف
واشنگٹن(آئی این پی)قانون نافذ کرنے والے ادارو ں میں متعدد نسلوں کے طاقتور کتوں کو تفتیشی عمل اور جرائم سے لڑنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے لیکن حال ہی میں جرائم کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے روبوٹک کتا متعارف کرایا گیا ہے۔یہ روبوٹک کتا موبائل ریموٹ آبزرویشن ڈیوائس کی حیثیت سے کام کرے گا۔امریکا کی میساچوسٹس اسٹیٹ پولیس نے حال ہی میں خفیہ طور پر بوسٹن ڈائنامکس کا تجربہ کیا ہے جسے جرائم کے خلاف لڑنے کے لیے استعمال کرنے کی جانچ کی جارہی ہے۔معاہدے کی تفصیلات کے مطابق یہ روبوٹ مسلح نہیں ہے تاہم یہ کارآمد مقاصد میں استعمال کیا جاسکتا ہے جن میں مشتبہ افراد کو چھپی ہوئی جگہ سے ڈھونڈنا، مشکوک اشیا کی تحقیقات کرنا اور جرائم کے مناظر کی چھان بین کرناہے۔اس روبوٹ کتے کو ایسے حالات میں استعمال کیا جا سکے گا جو انسانوں کے لیے جان لیوا یا خطرناک ہوں گے، یہ اپنے روبوٹک بازوں اور پرسیپشن سینسر کی مدد سے اشیا کو چننے اورجوڑتوڑ کرنے کے لیے کام کرے گا۔پولیس ترجمان کا خیال ہے کہ جرائم سے لڑنے کے لیے یہ روبوٹ ٹیکنالوجی کارآمد ہوگی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے روبوٹ ٹیکنالوجی ایک قیمتی ذریعہ ہے۔بوسٹن ڈائنامکس سپاٹ اگلے 5 سے 10 سالوں میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والی دوسری ایجنسیوں کی فرسٹ رسپانڈنگ ٹیموں کا اہم حصہ ہوگا۔