تجاوزات کے نام پر فاقہ کش آپریشن بند کیا جائے،محمود حامد
کراچی (اکنامک رپورٹر)آل پاکستان آرگنائریشن اسمال ٹریڈرزاینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر محمود حامد نے کراچی میں تجاوزات کے نام پر جاری آپریشن کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا اس آپریشن کی آڑ میں کراچی کے تاجروں اور پتھارے داروں کے منہ سے نوالا چھین لیا گیا ہے اور انہیں بے روزگار کر کے ان کے بچوں کو فاقہ کشی کے جہنم میں دھکیلا جا رہاہے۔وہ آج ظالمانا آپریشن سے متاثرہ تاجروں کے وفد سے با ت چیت کر رہے تھے۔جس نے بابر خان اور عبدالشکور کی قیادت میں پاکستان چوک آفس میں اُن سے ملاقات کی اس موقع پر سینئر نائب صدر سید لیاقت علی نوید احمد عثمان شریف اور سلیم ملک بھی موجود تھے۔ متاثرہ تاجروں نے بتایا کہ پولیس اور بلدیاتی عملہ بغیر کسی نوٹس کے دوکان داروں کا سامان اُٹھا کر لے جاتا ہے۔ پولیس تاجروں کو تھانے بلاتی ہے یا موبائلوں میں زبردستی اُٹھا کر لے جاتی ہے اور اُن سے ہزاروں روپے رشوت طلب کی جاتی ہے اولڈ سٹی ایریا صدر بولٹن مارکیٹ، جونا مارکیٹ، گلشن اقبال، اورنگی ٹاؤن، لیاقت آباد، کورنگی سمیت ہر جگہ ٹھیلا لگانا جرم بن گیا ہے۔ جس کے باعث غریبوں کے چولھے ٹھنڈے ہو گئے ہیں۔محمود حامد نے کہایہ کس قدر افسوس کی بات ہے۔ کہ جو شہر قومی خزانے میں سب سے زیادہ ٹیکس جمع کراتا ہے۔ اُس کے باسیوں کے لیے زندگی مشکل بنا دی گئی ہے۔ 2018میں ملکہ برطانیہ کی خوشنودی اورشہر کوخوبصورت بنانے کے نام پر ایمپریس مارکیٹ سمیت ساڑھے چھ ہزار تاجروں کی مارکیٹوں پر بلڈوزر چلا کر اُنہیں بے روز گار کیا گیا جو آج بھی دربدر ہیں۔ اور اب تجا وزات کے نام پر تاجروں کے لیے عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے۔ اُنہوں نے سوال کیا کہ کیا پتھا را لگا کر اپنے اور اپنے بچوں کے لیے حلال روزی کمانا جرم ہے۔اس آپریشن میں تو اخباری ہاکرز کو بھی بے روز گار کیا جا رہا ہے۔اسمال ٹریڈرز کے صدر نے کہا کہ حدود اور قانون سے تجاوز کی ہم حمایت نہیں کرتے مگر قانون کے محافظوں کو بھی قانونی حد سے تجاوز نہیں کرنے دیں گے۔ قانونی حدود میں ٹھیلے اور پتھارے لگانا جرم نہیں ہے۔ اس کی اجازت ترقی یافتہ مغربی ممالک کے قوانین میں بھی ہے اور پاکستان کا آئین بھی ان غریبوں کو روز گار کی ضمانت دیتا ہے۔اس لیے حلال روزی کے دروازے بند کر کے غریب تاجروں کو فاقہ کشی کے جہنم میں نہ دھکیلا جائے۔اسمال ٹریڈرز کے صدر نے حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر ظالما نہ اور فاقہ کش آپریشن بند نہ کیا گیا۔تو شہر میں بھر پور احتجاج کیا جائے گا۔