سڑکوں کی تعمیر سے سیاحتی مقامات تک رسائی کے علاوہ روز گار بھی پیدا ہوگا: محمود خان
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمود خان نے صوبے میں تکمیل کے قریب ترقیاتی سکیموں کیلئے درکار وسائل بروقت جاری کرنے جبکہ سخرہ سے گبین جبہ روڈ کے ترقیاتی کام میں حائل رکاوٹیں ایک ہفتے کے اندر دور کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اُنہوں نے مٹہ بائی پاس کیلئے حقیقت پسندانہ الائنمنٹ یقینی بنانے اور مٹہ بازار سے ایک اضافی بائی پاس کی تعمیر کیلئے منصوبہ بندی کی بھی ہدایت کی تاکہ مٹہ بازار میں موجود رش کو کم کرکے شہریوں کو سہولت دی جا سکے۔سوات اور صوبے کے دیگر اضلاع میں جاری اور نئی ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے دو مختلف اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے سوات ایکسپریس وے اور صوبے میں جائیکا کی مدد سے رورل روڈز کی تعمیر وبحالی کے منصوبوں پر علیحدہ سے پریزینٹیشن دینے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ کو ضلع سوات میں مختلف ترقیاتی سکیموں اور صوبے میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے تعمیر کئے جانے والے منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے بریفینگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ منگوالتان سے توہا روڈ پر تعمیراتی کام مکمل کیاجاچکا ہے جس پر 127 ملین روپے لاگت آئی ہے جبکہ اس منصوبے کیلئے مجموعی طور پر 136 ملین روپے مختص کئے گئے تھے۔مینگورہ سے جمبیل روڈ اور 35 کلومیٹر طویل منگلوار سے مالم جبہ روڈ کو بھی مقررہ ٹائم لائن کے اندرمکمل کرلیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کالام سے جبرال روڈ پر تعمیراتی کام کو تیز تر کرنے کیلئے آئندہ مارچ تک 100 ملین روپے کا اجراء یقینی بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ کوشموزئی جبہ گئی روڈ، کوہستان گٹ سیدو شریف سے لوئی برانچ روڈ، راحت کوٹ تا سخرہ روڈ، تختہ بند سے کبل پل سمیت نین گولئی سے الہ آباد پل، مٹہ بائی پاس روڈ، مٹہ فضل بانڈہ روڈ، مینگورہ بائی پاس روڈ پر فلائی اوورز اور کبل پل وغیرہ پر کام کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ مزید برآں شعبہ بلڈنگز میں تعمیراتی سرگرمیوں پر بریفینگ دیتے ہوئے سول ہسپتال مدین، سید و میڈیکل کالج، جہانزیب کالج، ڈسٹرکٹ جیل سوات اور رورل ہیلتھ سنٹرز پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ سول ہسپتال مدین، سیدو میڈیکل کالج میں لیکچر تھیٹر اور لیبارٹری کے قیام، ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈکوارٹرز سوات کی سٹینڈرڈائزیشن اور ڈسٹرکٹ جیل سوات کا تعمیراتی کام جون 2020 تک مکمل کیا جائے گاجبکہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کبل کی درجہ سی تک اپ گریڈیشن اور گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ جہانزیب کالج میں اکیڈمک بلاک کی تعمیر جون2021 ء تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ اجلاس کو شعبہ ایریگیشن میں بھی مختلف سکیموں پر کام کی پیشرفت پر بریفینگ دی گئی جن میں باغ ڈھیری ایریگشین سکیم، سیلاب سے بچاؤ کیلئے جاری تعمیراتی سکیموں،تحصیل مٹہ میں چھوٹے ایریگیشن چینلز اور تالابوں کی بحالی، مینگورہ شہرمیں کینال پٹرول روڈ کی تعمیر، تحصیل مٹہ میں ٹیوب ویل اور ڈگ ویل کی تعمیر، کبل، نین گولئی، کانجو، فتح پور، خوازہ خیلہ اور چار باغ میں سیلاب سے بچاؤ کیلئے تعمیراتی سرگرمیوں، تحصیل مٹہ میں باروائی ایریگیشن سکیم کی تعمیراور دیگر منصوبے شامل ہیں۔ محمود خان نے خصوصی طور پر متعلقہ حکام کو مٹہ بائی پاس کی الائنمنٹ میں ضروری تبدیلیاں کرنے کی ہدایت کی۔ اُنہوں نے کہاکہ الائنمنٹ کی حتمی تشکیل میں مستقبل میں ممکنہ سیلاب کے خطرات کو بھی مدنظر رکھا جائے اور جس حد تک ممکن ہو آبادی کو بھی تحفظ فراہم کیا جائے۔ اُنہوں نے کہاکہ صوبے میں تمام ترترقیاتی سکیموں خصوصی طور پر روڈ کمیونیکشن کے منصوبوں کی دیر پا خطوط پر منصوبہ بندی کی جائے تاکہ مستقبل قریب کی ضروریات سے بھی نمٹا جا سکے۔ محمود خان نے کہاکہ صوبے میں جاری سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف سیاحتی مقامات تک آسان رسائی ممکن ہو گی بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔اُنہوں نے اس موقع پر صوبہ بھر میں رورل روڈز کی تعمیر و بحالی کے منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے علیحدہ سے پریزینٹیشن دینے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع اجمل وزیر، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، ایم ڈی پی کے ایچ اے، محکمہ خزانہ، زراعت، صحت، پی اینڈ ڈی، مواصلات و تعمیرات، اعلیٰ تعلیم اور آبپاشی کے انتظامی سیکرٹریز، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے اجلاسوں میں شرکت کی۔