حکومت آرمی چیف کی مدت میں توسیع کا قانون با آسانی منظور کرالے گی: فردوس
اسلام آباد (آن لائن،این این آئی) وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق نے کہا ہے کہ حکومت آرمی چیف کی مدت میں توسیع سے متعلق قانون قومی اسمبلی اور سینیٹ سے باآسانی منظور کرالے گی۔انہوں نے کہا کہ قانون سازی میں اپوزیشن بھی ساتھ دے گی کیوں کہ یہ سیاسی نہیں قومی معاملہ ہے، عدالت نے معاملہ پارلیمنٹ کو بھیج کر پارلیمنٹ کی بالادستی پر مہر لگائی ہے۔فردوس نے مزید کہاہے کہ مولانا!یہ پارلیمان اس وقت تک جعلی نہیں ہو سکتی جب تک آپ کے فرزند اور آپ کی جماعت کے دیگر رہنما اس معزز ایوان میں براجمان ہیں۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ نئے انتخابات ضرور کرائے جائیں گے لیکن پانچ سال کی آئینی مدت کی تکمیل کے بعد۔ انہوں نے کہا کہ ہم مولانا کی گزشتہ پارلیمان کی تقریروں کی روشنی میں آگے بڑھ رہے ہیں جب وہ کہا کرتے تھے کہ پارلیمان کو اپنی آئینی مدت پوری کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کے لندن پہنچتے ہی (ن) لیگ کے ترجمانوں نے پاکستان میں جو ہنگامی حالت نافذ کی ہوئی تھی، وہ یکایک ختم ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ (ن) لیگ نے سپریم کورٹ کی طرح الیکشن کمیشن میں جو ایک صفحہ پیش کیا ہے،وہ بھی قطری لگتا ہے۔
فردوس عاشق