ڈیفنس میں صبح سویرے سڑک پر اغواءکار لڑکے کو گولی مار کر لڑکی کو اپنے ساتھ لے گئے
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )کراچی کے پوش علاقے میں کار میں سوار افراد نے نوجوان لڑکی کو اسلحے کے زور پر اغواءکر لیا جبکہ اس کے دوست لڑکے کو گولی مار کر شدید زخمی کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پیش آنے والااس نوعیت کا یہ دوسرا واقعہ ہے جس میں ڈیفنس ہاﺅسنگ اتھارٹی سے لڑکی کو بندوق کی نوک پر اغواءکیا گیاہے ۔ یہ واقعہ بخاری کمرشل کے علاقے واقع درخشاں پولیس سٹیشن کی حدود میں آج صبح پیش آیا ۔اغواءکاروں نے لڑکے کو گولی مار کر شدید زخمی کر دیا جس کی شناخت سومرو کے نام سے ہوئی ہے جسے ابتدائی طور پر نیشنل میڈیکل سینٹر لے جایا گیا تاہم بعدازاں اسے آغا خان یونیورسٹی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ حکام اور پولیس افسران موقع پر تحقیقات کیلئے پہنچ گئے ہیں ۔
ایس ایس پی شیراز نظیر نے بتایاہے کہ اس معاملے میں پولیس کے پاس صرف ایک ہی گواہ موجود ہے تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور جلد ہی اغواءکاروں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ زخمی ہونے والے نوجوان سومرونے پولیس کو دیئے گئے بیان میں بتایاہے کہ ہم لوگ ” بارا بخاری “ جارہے تھے کہ راست میں ایک گاڑی میں سوار چار افراد نے گولی مارنے کے بعد اس کی دوست کو اغواءکرلیا ۔ لڑکے کو گردن میں گولی ماری گئی جوکہ بعد میں اس کی چھاتی میں چلی گئی ۔دونوں بچوں کے والدین کو واقعہ سے متعلق آگاہ کر دیا گیاہے ۔