زلفی بخاری کی قطر کے نائب وزیراعظم سے ملاقات ، تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر تبادلہ خیال

زلفی بخاری کی قطر کے نائب وزیراعظم سے ملاقات ، تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے ...
زلفی بخاری کی قطر کے نائب وزیراعظم سے ملاقات ، تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر تبادلہ خیال

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے قطر کے نائب وزیراعظم محمد بن عبدالرحمان بن جاسم سے ملاقات کی جس دوران قطر اور پاکستان کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیاہے ۔

نجی ٹی وی اے آر وائے نیوز کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے قطر کے نائب وزیر اعظم، وزیر خارجہ، چیمبر آف کامرس اور ڈیولپمنٹ فنڈ کے عہدے داروں سے ملاقاتیں کیں، جن میں قطر اور پاکستان کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کے فروغ اور افرادی قوت کے تبادلے سمیت لاہور اور پشاور میں قطری ویزا سینٹرز کے قیام پر بھی مشاورت کی گئی۔حکام کا کہنا ہے کہ قطر اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تجارت میں 63 فی صد اضافہ ریکارڈ ہوا ہے، معاشی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے اقدامات جاری رکھے جائیں گے، قطر نے تجارت اور اقتصادی میدان میں پاکستان کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

پاکستان قطر کے اہم تجارتی شراکت داروں میں شامل ہے، جب کہ قطر نے پاکستان سے فیفا ایونٹ کے لیے مزید افرادی قوت کی درخواست کی ہے،قطر پاکستانی مزدوروں کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات بھی کرے گا۔معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا کہ قطر اور پاکستان کے درمیان گہرے اور برادرانہ تعلقات ہیں، ایک لاکھ پاکستانیوں کی بھرتی کے فیصلے پر فوری عمل درآمد ناگزیر ہے، امیر قطر کے وڑن کے مطابق مزید کوٹہ بھی مختص کیا جائے گا۔

مزید : قومی