مودی سرکار نے عوام کی چیخیں نکلوادیں، پٹرول پاکستان سے بھی دوگنا مہنگا کردیا،2019 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، قیمت جان کر آپ شکر ادا کریں گے
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت میں سرکاری تیل کمپنیوں نے اتوار کے روز بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے جس کے باعث وہاں پٹرول پاکستان سے بھی زیادہ مہنگا ہوگیا ہے۔
انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں پٹرول کی قیمت 5 پیسے بڑھائی گئی ہے جس کے باعث اس کی قیمت 74 روپے 95 پیسے ہوگئی ہے۔ حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور اس کی قیمت 65 روپے 78 پیسے پر برقرار ہے۔ حالیہ اضافے کے بعد انڈیا میں پٹرول سال 2019 کی مہنگی ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
اگر پاکستان سے انڈیا میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لیا جائے تو وہاں ایک لٹر پٹرول پاکستانی روپوں میں 161 روپے 84 پیسے کا فروخت ہورہا ہے،یعنی پاکستان میں پٹرول انڈیا کے مقابلے میں بہت زیادہ سستا ہے۔
پاکستان میں ہفتے کے روز پٹرول کی قیمت میں 25 پیسے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کی قیمت 113 روپے 99 پیسے ہوگئی ہے۔ اگر دونوں ملکوں میں پٹرول کی قیمتوں کا ڈالر کے حساب سے تقابل کیا جائے تو بھی انڈیا میں پاکستان کے مقابلے میں پٹرول مہنگا بک رہا ہے۔
بھارت میں ڈالر کی قیمت 71 روپے 75 پیسے ہے اور اس حساب سے وہاں پٹرول کی قیمت 1 ڈالر اور 4 سینٹ بنتی ہے۔ پاکستان میں امریکی ڈالر کی قیمت 154 روپے 94 پیسے ہے اور اس حساب سے یہاں پٹرول کی قیمت 74 سینٹ بنتی ہے، یعنی انڈیا میں پاکستان کے مقابلے میں پٹرول 30 سینٹ مہنگا فروخت ہورہا ہے۔