حکومت نےریاست مدینہ بنانے کا اعلان محض سیاسی مقاصد کیلئے کیا،14 ماہ میں پاکستان امریکی ریاست بنتا دکھائی دے رہا ہے:سینیٹر ساجد میر
شیخوپورہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کےسربراہ سینیٹرپروفیسر ساجدمیرنےکہا ہے کہحکومت نےریاست مدینہ بنانے کا اعلان محض سیاسی مقاصد کیلئے کیا،14 ماہ میں پاکستان امریکی ریاست بنتا دکھائی دے رہا ہے،ایک گہری عالمی سازش کے تحت یہود و ہنود کے ایجنٹ اسلامی قوتوں کاراستہ روکنے کی کوشش کررہے ہیں،مسلم ممالک میں شورش اورفرقہ واریت کی بنیاد پراِختلافات کوہوا دینے کی کوشش کی جا رہی ہے،امریکہ اوراُس کےاتحادی پاکستان سےلیکر افغانستان سمیت مسلم اُمہ میں نفرت کے بیج بو کر آپس میں لڑانے اور مسلمانوں کی قوت کو تقسیم کرنے کی بھی کوششیں کررہےہیں اوراِس کیلئے قادیانیوں کوبھی اِستعمال کیا جا رہا ہے،عقیدہ ختم نبوتﷺ پر آئے روز حملے بھی اسی سازش کا حصہ ہیں۔
جناح گارڈن شیخوپورہ میں دعوت اہلحدیث و تحفظ ختم نبوتﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےسینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کا اعلان محض سیاسی مقاصد کیلئے کیا،14ماہ گزر جانے کے بعد بھی ان کے اقدامات سے ریاست مدینہ نہیں بلکہ امریکی ریاست ضرور بنتی دکھائی دی ہے، پاکستان میں امریکہ کی بڑھتی ہوئی مداخلت اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت خارجہ محاذ پر ناکام ہوچکی ہے، انہوں نے کہا کہ دعوت اہلحدیث اسلام کی دعوت ہے جس کا بنیادی اصول قرآن و حدیث کی بالادستی اور اس کی روشنی میں زندگی گزارنے کے رہنما اصول ہیں، انہوں نے کہا کہ کوئی نظام یا ازم فقہ یا کوئی دستور ہمارے مسائل کا حل نہ ہے پاکستان سمیت مسلم امہ کے مسائل کا واحد حل اور ان کی عظمت رفتہ کی بحالی نبی کریمﷺ کی اطاعت و فرماں برداری میں مضمر ہے۔انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کے حالیہ واقعہ سے بین المذاہب تصادم کے خطرات بڑھ گئے ہیں جبکہ اسلام مکالمہ اور علمی استدلال کے ساتھ بات چیت کا درس دیتا ہے، پاکستان عالم اسلام کا مضبوط قلعہ ہے جس کی بنیاد کلمہ طیبہ کی بنیاد پر رکھی گئی تھی مگر افسوس 72برس گزر جانے کے باوجود یہاں اسلام کا نفاذ نہ ہوسکا جس کی وجہ سے آج ہم نت نئے مسائل اور مشکلات کا شکار ہیں، جسے موجودہ حکومت بھی قابو پانے میں ناکام ہوئی ہے۔