اسلامو فوبیا کی بنیادی وجہ اسلام کی بڑھتی ہو ئی مقبولیت،2030تک دنیا میں اسلام کے پیروکاروں کی تعداد عیسائیت سے بڑھ جائےگی:ڈاکٹر تنویر قاسم

اسلامو فوبیا کی بنیادی وجہ اسلام کی بڑھتی ہو ئی مقبولیت،2030تک دنیا میں اسلام ...
اسلامو فوبیا کی بنیادی وجہ اسلام کی بڑھتی ہو ئی مقبولیت،2030تک دنیا میں اسلام کے پیروکاروں کی تعداد عیسائیت سے بڑھ جائےگی:ڈاکٹر تنویر قاسم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اوکاڑہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)ممتاز  دینی سکالر اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کےپروفیسر ڈاکٹر تنویر قاسم نے کہا ہے کہمغرب میں اسلامو فوبیا کی وجہ اسلام کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اورلوگوں کااِسلام قبول کرناہے،2030تک دنیا میں اِسلام کےپیروکاروں کی تعداد عیسائیت سے بڑھ جائے گی،مغربی دنیا اِس خوف کا شکارہےکہ بہت جلد اِسلام دنیا کا سب سے بڑا مذہب بننے والا ہے،یہی وجہ ہےکہ اِسلام کا حسین اورسلامتی والا چہرہ سازش کے تحت مسخ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،ہمیں دنیا کے سامنے اِسلام کا حقیقی چہرہ پیش کرنا ہو گا،مذہبی سکالرز کو عصری تقاضوں کے مطابق اسلوب دعوت اختیار کرنا ہو گا ۔

شعبہ علوم اسلامیہ یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے زیراہتمام’اِسلامو فوبیا‘ کے عنوان پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر تنویر قاسم نے کہا کہ اِسلام کیخلاف پراپیگنڈا کا توڑ تحقیق وتعلیم کے میدان میں کرنا ہو گا،ہمارے پاس کسی بھی مذہب کے مقابلے زیادہ اخلاقی قوت ہے،ہمیں اپنے مدارس کو منفی سرگرمیوں اور شدت پسندی سے پاک کرنا ہو گا،ہمیں اپنے مدارس کا سافٹ،اَمن پسند اور حقیقت پسندانہ امیج سامنے لانا ہوگا،ہمیں مدارس کو اِسلام کے امن وسلامتی کا تشخص اجاگر کرنے کیلئے استعمال کرنا ہوگا۔اُنہوں نے کہا کہ ہماری حکمت عملی وقتی نہیں صدیوں پر محیط ہونی چاہئے،مدارس میں جدید علوم پڑھائے اور سکھائے جائیں،مدارس سے تعلیم مکمل کر کے نکلنے والا ہر طالب علم ایک مکمل سکالرمبلغ اوردین حنیف کی حقانیت واضح کرنے پر مکمل عبور رکھتا ہو،اسی طرح کاؤنٹر اسلامو فوبیا ہوسکتا ہے۔ڈاکٹر تنویر قاسم کا کہنا تھا اسلامو فوبیا کا سب سے پہلے قریش مکہ شکار ہوئے،جب وہ اسلام کی حقانیت اور توحید کے عقیدے سے خوف زدہ ہو گئےاور پیغمبر اسلامﷺ اور اصحابؓ رسول کو اذیت دینے لگے،آج مغرب میں قرآن اور ہمارے نبیﷺ کی توہین کے واقعات سے مسلمانوں کا ردعمل فطری ہے،یواین او آسمانی کتابوں اور انبیاء کرام کی ناموس کی حفاظت کے لیے عالمگیر قانون سازی کرے ۔سیمینار میں سوال وجواب کا سیشن بھی ہوا،اس موقع پر ڈاکٹر عبد الغفار نے مہمان گرامی کو تہنیتی سرٹفیکیٹ بھی پیش کیا۔سیمینار میں طلبہ وطالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔