’عمران خان تنقید کو بھی مافیا کی کارروائی سمجھتے ہیں اس لیے ۔۔۔ ‘تجزیہ کار حسن عسکری نے تحریک انصاف کی اصلاح نہ ہونے کی وجہ بتادی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کار حسن عسکری نے کہاہے کہ عمران خان تنقید کو اصلاح کاذریعہ نہیں سمجھتے بلکہ اس کو بھی مافیا کی کارروائی سمجھتے ہیں، تنقید کے ذریعے تحریک انصاف کی حکومت کی اصلاح ہونے کے امکانات بہت کم ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”تھنک ٹینک“میں گفتگو کرتے ہوئے حسن عسکری نے کہا کہ اگلے الیکشن میں جب تحریک انصاف کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا تو اس کا بڑا دارومدار اس بات پر ہوگا کہ پنجاب میں تحریک انصاف کی کارکردگی کیارہی ہے ؟ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی حکومت لوگوں کوخدمات کی فراہمی کا نظام بہتر کرے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی پر بھی قابوپایا جائے ۔
حسن عسکری کا کہنا تھا کہ لوکل حکومت ایک پورا نظام ہے ، اگر چھوٹے سی سطح پر انتخابات کرا کے لوگوں کوٹرخا دیاگیا تو اس سے بات نہیں بنے گی۔انہوں نے کہا کہ جب پنجاب کی قیادت پر تنقید کی جاتی ہے تو وزیر اعظم عمران خان مافیاکی باتیں کرنا شروع کردیتے ہیں ۔ عمران خان تنقید کو اصلاح کاذریعہ نہیں سمجھتے بلکہ اس کو بھی مافیا کی کارروائی سمجھتے ہیں اور اس طرح تنقید کے ذریعے تحریک انصاف کی حکومت کی اصلاح ہونے کے امکانات بہت کم نظر آتے ہیں۔