بلاول بھٹو کی طلبامارچ کے منتظمین کے خلاف ایف آئی آر کی مذمت
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں طلبہ مارچ کے منتظمین کے خلاف ایف آر درج کرنے کی مذمت کی ہے۔تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پر امن مارچ کے طلبہ کے خلاف مقدمے کا اندراج ریاستی جبر ہے، ریاست مشال خان کے والد کو انصاف نہ دے سکی اور اب اُن کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیاگیا۔پی پی چیئرمین نے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت فوری طور پر طلبہ مارچ کے منتظمین کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر واپس لے، ترقی پسند طلبہ کے مارچ سے رجعت پسند قوتیں بوکھلا گئی ہیں یہ ترقی پسند طلبہ پاکستان کا مستقبل ہیں ، ہم ان کے تحفظ پر سمجھوتا نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہلاہور میں مال روڈ پر طلبہ یکجہتی مارچ کے منتظمین کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے،سول لائنز پولیس کی جانب سے درج کیے جانے والے مقدمے میں عمارعلی جان، فاروق طارق، عالمگیر وزیر، مشعال خان کے والد اقبال لالہ، محمد شبیر اور کامل خان کو نامزد کیا گیا ہے۔مقدمے میں 250 سے 300 نامعلوم افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے جب کہ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ریلی کے شرکاء نے حکومتی اور ریاستی اداروں کے خلاف تقاریرکیں۔