ہم نے یہودیوں سے پیسے نہیں لئے ،دائیں اوربائیں بازو کی سیاست کا زمانہ ختم ہوچکا: علی محمدخان

ہم نے یہودیوں سے پیسے نہیں لئے ،دائیں اوربائیں بازو کی سیاست کا زمانہ ختم ...
ہم نے یہودیوں سے پیسے نہیں لئے ،دائیں اوربائیں بازو کی سیاست کا زمانہ ختم ہوچکا: علی محمدخان

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر مملکت برائے پارلیمانی اُمور علی محمدخان نے کہاہے کہ ہماری جماعت کسی کی پروَردہ نہیں ہے،ہم نے یہودیوں سے کوئی  پیسے نہیں لئے،دائیں اوربائیں بازو کی سیاست کا زمانہ ختم ہوچکا، طلبہ سیاسی طور پر میچور ہوتے ہیں،اُن کی سرگرمیاں ہونی چاہیں, اپوزیشن چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کی فکر نہ کرے, سیاست میں مذاکرات کا سلسلہ چلتا رہتا ہے۔

نجی ٹی وی اے آروائی نیوز کے پروگرام  میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ طلبہ کی سیاسی سرگرمیاں ضرور ہونی چاہیں اور طلبہ کو اپنے خیالات کے اظہار کا موقع ملنا چاہیے،اِس میں کوئی مضائقہ نہیں ہے، وہ سیاسی طور پر میچور ہوتے ہیں اور اچھے بُرے کی تمیز کرسکتے ہیں لیکن ایک چیز ہے کہ اِس میں دیکھنا ہوگا کہ طلبہ کی تعلیم متاثر نہ ہو۔ اُنہوں نے کہا کہ میں نے دیکھا ہےکہ بہت سے بچےایسےہوتے ہیں کہ جب وہ کم نمبرلیکرنکلتے ہیں توپھر اُن کوکوئی نہیں پوچھتا،اِس لئے کوئی ایسا نظام بنائیں کہ طلبہ کا استحصال نہ ہوسکے،اَب یہ جو لال لال کہا جارہا ہے تو معذرت کے ساتھ کہتا ہوں کہ اب لال کا زمانہ چلا گیا ہے،اَب روس کیمونسٹ نہیں رہا، اب دائیں اور بائیں بازو  کی سیاست نہیں ہے بلکہ دائیں اوربائیں  بازو کی سیاست کا زمانہ ختم ہوچکا ہے،اَب کیاصحیح اورکیاغلط کا زمانہ ہے۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت اوراپوزیشن کے درمیان چیف الیکشن کمشنر کے نام پراتفاق رائے ہوجائے گا،ہماری جماعت کسی کی پروردہ نہیں ہے ، ہم نے یہودیوں سے پیسے نہیں لئے،فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف نے 40سے 50ہزار لوگوں کا ڈیٹا جمع کروادیا ہے، تحریک انصاف کے کارکنان انفرادی طورپر چند ہ دیتے ہیں، پی ٹی آئی ورکرز بیرون ملک تقریبات منعقد کرکے فنڈنگ جمع کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن الیکشن کمیشنر کی تعیناتی کیلئے فکر مند نہ ہو صرف صحیح اور درست شخصیت کا انتخاب ہوگا،سیاست میں مذاکرات کا سلسلہ چلتا رہتا ہے چیف الیکشن کمشنر کے نام پر بھی مشاورت کا سلسلہ جاری ہے فی الحال مجوزہ ناموں کے بارے میں نہیں بتا سکتا ہمیں چیئرمین سینٹ اور سپیکر قومی اسمبلی پر پورا اعتماد ہے۔

مزید : قومی