قومی ایئرلائن میں دوران سفر خاتون 40لاکھ مالیتی سونے سے محروم
کراچی(این این آئی)قومی ایئرلائن کی ایک اور خاتون مسافر کیساتھ لوڈرز کی بڑی واردات سامنے آئی ہے، جس میں سیالکوٹ سے کراچی کی پرواز پر سفر کے دوران خاتون کے دستی سامان سے40 لاکھ روپے مالیت کا سونا لوٹ لیا گیا۔کھاریاں گجرات سے تعلق رکھنے والی شگفتہ بانو متحدہ عرب امارات کی رہائشی ہیں جو 23 نومبر کو سیالکوٹ سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 397 پر کراچی کے لیے سفر کے دوران پی آئی اے کے لوڈرز کا نشانہ بنیں۔خاتون کے مطابق ان کے پاس سامان کے دو بیگز تھے جن میں سے ایک جمع کرادیا جبکہ دوسرا بیگ ہینڈ کیری کے طور پر رکھا۔ جس میں ان کے لگ بھگ 40لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات اور گولڈ تھا۔خاتون کے مطابق وہ تنہا سفر کر رہی تھیں ان کا سامان محض 4 کلوگرام اضافی تھا۔ پی آئی اے کے بورڈنگ عملے نے انہیں 4 کلو گرام اضافی دستی سامان بھی ساتھ لے جانے نہیں دیا اور وہ اضافی دستی سامان بھی جہاز میں جمع کرانے پر مجبور کیا۔ جس کے 8580 روپے زیادہ وزن کے طور پر وصول کئے۔شگفتہ کے مطابق جب وہ کراچی ایئرپورٹ پر پہنچیں تو جمع کرائے گئے بیگ میں موجود ان کے زیورات کے ڈبے خالی تھے۔ جس پر انہوں نے فوری طور پر پی آئی اے کے متعلقہ کاؤنٹر سے رابطہ کیا اور واردات پر فوری ایکشن کی درخواست کی تو متعلقہ عملے نے تعاون نہیں کیا اور انہیں بتایا کہ متعلقہ لوڈرز کی شفٹ ختم ہوگئی ہے انہیں کیسے پکڑا جائے۔موصولہ ویڈیو میں خاتون شکایتی کاؤنٹر پر اپیل کرتی نظر آتی ہیں مگر عملہ انہیں تھانے جا کر رپورٹ درج کرانے کا مشورہ دے رہا ہے۔خاتون کے مطابق ان کے بار بار کہنے کے باوجود پی آئی اے کے عملے نے متعلقہ ایریا کی سی سی ٹی وی فوٹیج چیک نہیں کی، خاتون نے روتے ہوئے بتایا کہ ان کے دباؤ ڈالنے پر پی آئی اے کے ایک افسر نے زیورات چوری کا الزام الٹا انہیں کے گھر والوں پر لگا دیا کہ زیورات گھر پر ہیں کسی نے چوری کئے ہیں۔خاتون کے مطابق پی آئی اے کراچی کے عملے سے بددل ہوکر وہ فوری طور پر سیالکوٹ پہنچیں اور ایئرپورٹ کی سی سی ٹی وی کے ساتھ اسکیننگ مشین کا ریکارڈ چیک کیا تو ان کے بیگ میں تمام زیورات موجود نظر آ رہے تھے۔ شگفتہ کے مطابق انہوں نے کراچی اور سیالکوٹ میں پی آئی اے، اے ایس ایف اور سول ایوی ایشن میں شکایت درج کردای ہے جبکہ سیالکوٹ تھانے میں بھی مقدمہ کے اندراج کے لیے تحریری طور پر درخواست جمع کرادی ہے اور ان کی طرف سے کئے گئے وعدے کے مطابق کارروائی کا انتظار ہے۔
خاتون محروم