انڈس موٹرز نے اپنی نئی” ٹیوٹا کورولا آلٹس“ کی قیمتوں کا اعلان کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )گاڑیوں کے شوقین افراد کیلئے توجہ طلب خبر آ گئی ہے کیونکہ پاکستان میں موٹر انڈسٹری میں راج کرنے والی ٹیوٹا انڈس موٹرز نے اپنی مشہور زمانہ گاڑی ” ٹیوٹا آلٹس “ میں تبدیلیوں کے ساتھ اس کی نئی قیمت کا اعلان کر دیاہے ، گاڑی کو ” ٹیوٹا آلٹس ایکس پیکج “ کا نام دیا گیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق اس سے قبل انڈس موٹرز کے سی ای او علی جمالی نے گاڑی کو متعارف کروانے کی خبر سنائی تھی ، ان کا کہناتھا کہ کمپنی اپنی 1.6 لیٹر اور 1.8 لیٹر آلٹس گرینڈی میں آئندہ سال کچھ تبدیلیاں لائے گی ، نئی گاڑی کو ” کورولا ایکس پیکج “ کانام دیا جائے گا جس میں کچھ آپشنز مزید بڑھائے جائیں گے اور ماڈل میں بھی تبدیلیاں کی جائیں گی ۔
کمپنی کی جانب سے ممکنہ طور پر اپنی گاڑی میں مکمل انٹیر یئر کالے رنگ کا دیا جا سکتاہے جبکہ اس میں نئی باڈی کٹ کے ساتھ سینسر بھی لگائے جائیں گے ، یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ کالے رنگ کے انٹیریئر کا آپشن صرف ٹاپ آف دی لائن 1.8 لیٹر آٹومیٹک آلٹس کیلئے مختص ہو گا ۔
کمپنی کی جانب سے گاڑی کی قیمتوں میں 60 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک اضافہ کر دیا گیاہے ۔کورولا 1.6 لیٹر ایم ٹی ماڈل کی قیمت میں 60 ہزار روپے اضافہ کر دیا گیاہے ، نئی قیمت 32 لاکھ 19 ہزار ہو گی ، کورولا 1.6 لیٹر اے ٹی ماڈل کی قیمت میں بھی 60 ہزار بڑھا یا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 33 لاکھ 69 ہزار روپے ہو گئی ہے ۔
کورولا 1.8 لیٹر ایم ٹی اور کورولا 1.8 لیٹر سی وی ٹی ماڈل کی قیمتوں میں 70 ہزار روپے اضافہ کیا گیاہے جن کی نئی قیمتیں 35 لاکھ 49 ہزار اور 36 لاکھ 99 ہزار ہوں گی ۔
کورولا کی آلٹس گرینڈی کی قیمت میں 80 ہزار روپے اضافہ کیا گیاہے اور نئی قیمت 39 لاکھ 79 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے تاہم اگر آپ اس ماڈل میں تمام انٹیریئر کالے رنگ میں حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اس کی قیمت 39 لاکھ 99 ہزار روپے ہو گی ۔
کمپنی کی جانب سے جاری کر دہ نوٹیفکیشن میں اطلاع دی گئی ہے کہ گاڑی کی ڈیلیوری نئے سال2021 میں 13 جنوری سے شروع ہو گی ، گاڑی کو فیس لفٹ کیے جانے کے بعد ٹیوٹا کورولا کی سیلز میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے جبکہ 2020 اور 2021 کے مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ دیکھنے میں آ یاہے ۔