پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو مسترد کردیا

پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو مسترد کردیا
پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو مسترد کردیا

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان نے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس سے متعلق بھارتی وزارتِ خارجہ کے بیان کو غیر منطقی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق پاکستان نے تنازع جموں وکشمیر کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے سینتالیسویں اجلاس کی قرارداد سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کے غیرمنطقی بیان کو مسترد کر دیا ہے۔ترجمان دفترخارجہ کے ترجمان زاہدحفیظ چودھری نے ایک بیان میں کہا کہ جموں وکشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود عالمی طور پر مسلمہ قدیم ترین تنازعات میں سے ایک ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور پاکستان کشمیریوں اور عالمی برادری کے ساتھ کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد سے راہ فرار اختیار کرنے کے باعث یہ تنازع تا حال حل طلب ہے۔

ترجمان نے کہاکہ اسلامی تعاون تنظیم کی قراردادبھارت کے اس غیر قانونی اور غیر منطقی موقف کی تردید ہے کہ جموں وکشمیر اس کا داخلی معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت او آئی سی کی قرارداد میں ظاہر کی جانے والی عالمی برادری کی تشویش کو مسترد کرنے کی بجائے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں اپنی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ بند کرے۔

مزید :

قومی -