یوبی ایل اور یو مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ کے درمیان شراکت داری کا معاہدہ طے پا گیا
کراچی(پ ر) یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ(یو بی ایل) اور یو مائیکروفنانس بینک لمیٹڈ (یو بینک) کے مابین پاکستان میں مالی اشتمال (Financial inclusion)کی ترویج کے لیے شراکت داری کا معاہدہ طے پا گیا۔ اس معاہدے کی مفاہمتی یادداشت پر گزشتہ روز دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے کے تحت یو بی ایل اور یو بینک باہم شراکت داری سے کئی کثیر جہتی منصوبے شروع کریں گے جن میں وسط تا طویل مدتی قرضہ فنڈنگ، ریٹیل ٹی ایف سی، اسلامک مائیکروفنانس فنڈنگ، کمرشل پیپراور ایک دوسرے کے کاروبار کے فروغ میں معاونت جیسے اقدامات شامل ہوں گے۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی یہ تقریب کراچی میں یو بی ایل ہیڈآفس میں منعقد ہوئی۔
اس تقریب کی صدارت یو بی ایل کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر شہزاد جی دادا اور یو بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کبیر نقوی نے کی۔ تقریب میں دونوں بینکوں کے سینئر عہدیدار بھی شریک ہوئے جن میں یو بی ایل کی طرف سے گروپ ہیڈ سی آئی بی جی اینڈ ایف آئی فاروق اے خان، یونٹ ہیڈ ایف آئی محمد طیب خورشید اور دیگرعہدیدار جبکہ یو بینک کی طرف سے چیف کمرشل آفیسر اینڈ چیف آف سٹاف مریم پرویز، ہیڈ آف سی بی اینڈ آئی محمد فاروق کامران، ہیڈ بجٹنگ پلاننگ اینڈ کارپوریٹ فنانس محسن اسلم شامل تھے۔
صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر یو بی ایل شہزاد جی دادا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”پاکستان کے ایک بہترین ڈیجیٹل بینک کے طور پر ہم یو بینک کے ساتھ ایک تژویراتی اتحاد کے خواہش مند ہیں۔ اس شراکت داری کا مقصد مالی اشتمال کو ملک گیر سطح پر پھیلانا ہے۔ اس سے ہمارے مشترکہ کسٹمرز کے لیے ہماری جدید ترین ڈیجیٹل بینکنگ کی مہارت کو مزید نکھارنے کا موقع میسر آئے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یو بینک کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر کبیر نقوی نے کہا کہ ”ہم اس شراکت داری پر بہت خوش ہیں جس کا مقصد باہمی تعاون کے مواقع تلاش کرنا، اختراعی پراڈکٹس کو ڈیزائن کرنا اور بینکنگ سیکٹر کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنا ہے۔ اس شراکت داری سے ہمیں زیادہ کسٹمرز کو سروس مہیا کرنے اور مزید پاکستانیوں کو بینکنگ نیٹ میں شامل کرنے میں مدد ملے گی۔