مشیر خزانہ کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ، شوکت ترین نے اہم ہدایات جاری کردیں

مشیر خزانہ کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ، شوکت ترین نے اہم ہدایات ...
مشیر خزانہ کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ، شوکت ترین نے اہم ہدایات جاری کردیں
سورس: File Photo

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) مشیر خزانہ شوکت ترین نے مہنگائی کی شرح میں 0.67فیصد کمی اور چینی کی قیمتوں میں استحکام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پام اور سویا بین آئل کی قیمتوں میں کمی کافائدہ براہ راست عوام تک پہنچنا چاہیے۔

مشیرخزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزرا، مشیر، معاونین خصوصی اور متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز شریک ہوئے۔سیکریٹری خزانہ نے اجلاس کے شرکا کو مہنگائی اور معاشی صورت حال کے حوالے سے بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.67 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، آٹھ  اشیاء کی قیمتوں میں کمی ، 23 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

اجلاس میں گندم، چینی، دالوں،چکن سمیت دیگراشیائے خوردنی کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا، جس کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ٹماٹر، پیاز، آلو، چکن، چینی سمیت مختلف اشیاءکی قیمتیں ایک ہفتے کے دوران کم ہوئیں ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب،خیبرپختونخوا اور وفاق میں20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1100 روپے برقرار ہے۔سیکریٹری خزانہ نے شرکا کو بتایا کہ صوبائی حکومتوں کی جانب سےگندم کی فراہمی میں بہتری آئی اور حکومتی اقدامات کی وجہ سے چینی کی قیمت میں مسلسل کمی ہورہی ہے جبکہ مستقبل میں قیمتیں مزید نیچے جائیں گی۔

شوکت ترین نے چینی کی قیمتوں میں استحکام پر اطمینان کا اظہار کیا اور پنجاب، خیبرپختونخوا کو آٹے کی رسد بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی۔مشیر خزانہ نے ہدایت کی کہ پام اور سویا بین آئل کی قیمتوں میں کمی کافائدہ براہ راست عوام تک پہنچنا چاہیے، دالوں کی پیداوار بہتر ہونے سے درآمدات پر انحصار کم ہوگا۔ انہوں نے فرٹیلائزرکی آسان دستیابی کیلئے اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ موثرانتظامی اقدامات سے کھاد  کی قیمتوں میں کمی آئی۔شوکت ترین نے سستے اور سہولت بازاروں میں کم قیمتوں پر اشیاکی فراہمی پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -