پوری دنیا میں شدید مہنگائی ، 50سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ، حکومت نے تقابلی جائزہ پیش کردیا

پوری دنیا میں شدید مہنگائی ، 50سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ، حکومت نے تقابلی جائزہ ...
پوری دنیا میں شدید مہنگائی ، 50سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ، حکومت نے تقابلی جائزہ پیش کردیا

  

 اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب اور ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ کوویڈ 19 سے پوری دنیا میں مہنگائی کا 50سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے،عالمی منڈی میں کھانے کے تیل کی قیمت 100 فیصد بڑھی ہے، فرنس آئل سمیت دیگر اشیاءکی عالمی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا، عالمی سطح پر مہنگائی کی وجہ سے ہول سیل پرائس انڈیکس میں 27فیصد اضافہ ہوا اس میں شامل تمام اشیاءدرآمدی اشیاءہیں، عالمی سطح پر دو ہفتوں میں درآمد اشیاءمیں کمی کے اثرات جنوری اور فروری میں نظر آئیں گے، حکومت نے اپنے ٹیکسز میں کمی کر کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ خود برداشت کیا۔

ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم کے ہمراہ  مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ عالمی سطح پر کورونا کے باعث پوری دنیا میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے،کوویڈ 19 کے بعد اب تک حالات معمول پر نہیں آئے، پیٹرولیم اور خوردنی آئل میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے، خوردنی آئل فی ٹن قیمت 400ڈالر سے بڑھ کر 1300ڈالر فی ٹن تک پہنچ گئی،پاکستان 70 فیصد دالیں درآمدات کرتا ہے اسلئے انکی قیمتوں پرعالمی مہنگائی کا اثر پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ یورو زون میں مہنگائی پانچ  فیصد، امریکہ میں چھ اعشاریہ دو  فیصد، کینیڈا میں چار اعشاریہ سات فیصد،جرمنی، فرانس اور برطانیہ میں بھی مہنگائی ہوئی،اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت کی حالیہ رپورٹ کے مطابق دنیا میں مہنگائی کا 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پر وفاق اور صوبوں میں مہنگائی پر قابو پانے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز کی مد میں کمی کی گئی، اب تک 400ارب کے ٹیکسز کم اکٹھے ہوئے۔

انہوں نےکہاکہ چینی کی قیمتوں کو کم کرنےکےلئےفوری اقدامات اٹھائےگئے،اسی وجہ سےآج ملک میں چینی کی قیمتوں میں60روپےتک فی کلو قیمت کم ہو کر 85سے  90 روپے تک پہنچ گئی ہے، سندھ میں گنے کی کریشنگ اکتوبر میں شروع ہوتی تھی، وہاں جو کریشنگ ہورہی تھی وہ بھی روک دی گئی،سندھ حکومت ذخیرہ اندوزوں کے تحفظ دینے کے لئے یہ سب کچھ کیا،زرداری سندھ شوگر ملز کے سب سے بڑے بینیفشل ہیں،پنجاب اور خیبر پختونخوا نے چینی ذخیرہ کرنے کے حوالے سے کارروائی کی،سندھ حکومت کیوں خاموش ہے؟سائیں سرکار کسانوں کے ساتھ دشمنی بند کردیں، فرٹلائزرکی ذخیرہ اندوزی کے خلاف پنجاب حکومت نے کارروائی کرتے ہوئے 345 مقدمات درج اور 244افراد گرفتار کیے، اس سے فرٹلائزر کی فی بوری میں 400روپے کم ہوچکے ہیں۔

وزارت خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم نے کہا کہ عالمی سطح پر مہنگائی کی وجہ سے ڈبلیو پی آئی میں 27فیصد اضافہ ہوا ہے، مٹی کے تیل میں 77فیصد، سٹیل بار میں 64فیصد، ڈیزل میں 62فیصد، ویجیٹل گھی میں 57فیصد اضافہ ہوا ہے،اس میں تمام درآمدی اشیاءشامل ہیں، کھانے پینے کی اشیاءمیں دیہات میں مہنگائی پانچ اعشاریہ  50فیصد جبکہ شہرمیں مہنگائی دوفیصد کم ہوئی ہے،عالمی منڈی میں کھانے کے تیل کی قیمت 100 فیصد بڑھی ہے، فرنس آئل سمیت دیگر اشیاءکی عالمی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا، پٹرول کی قیمت40 فیصد بڑھی اور کھپت میں 15فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے پیاز،ٹماٹر،چینی،آٹے اور دال کی قیمتوں میں کمی آئی ہے،پیاز 37 فیصد،دال مونگ27 فیصداور آلو کی قیمت میں 17.66 فیصد کمی آئی ہے،پٹرولیم مصنوعات کی عالمی قیمتوں میں گزشتہ جمعہ سے کمی کا رجحان ہے،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی بتدریج کم ہوگی،چاول کی قیمت پورا سال مستحکم رہی،منی بجٹ کے اثرات عام آدمی پر نہیں ہوں گے،پاکستان میں معیشت بہتری کے سفر پر گامزن ہے۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -