ماہی گیروں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے پنجاب حکومت نے ایسی جگہ سکول قائم کردیا کہ ہر کوئی دنگ رہ جائے 

 ماہی گیروں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے پنجاب حکومت نے ایسی جگہ ...
 ماہی گیروں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے پنجاب حکومت نے ایسی جگہ سکول قائم کردیا کہ ہر کوئی دنگ رہ جائے 
سورس: File Photo

  

مظفرگڑھ (ڈیلی پاکستان آن لائن )صوبائی وزیر برائے لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے پنجاب حکومت نے ماہی گیروں کیلئے کشتی میں سکول قائم کر دیا ہے، اس سے دریائے سندھ کے کنارے بسنے والے ماہی گیروں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جائے گا’کشتی سکول ‘اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد سکول ہے، اس کے قیام سے ایجوکیشن فار آل کے وژن کی تکمیل ہوگی اور مقامی ماہی گیروں کی زندگی میں علم کی روشنی پھیلے گی، حکومت پنجاب وزیراعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں صوبے کے تمام پسماندہ طبقات کی ترقی کیلئے کوشاں ہے اور پنجاب کا پہلا ’کشتی سکول ‘اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

 تونسہ بیراج پر ان پڑھ ماہی گیروں کو بنیادی تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے پنجاب حکومت کے اہم پراجیکٹ اور صوبے کے سب سے پہلے ’کشتی سکول‘ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ راشد حفیظ کا کہنا تھا کہ علم کی ترویج اور بالغ ان پڑھ افراد کو تعلیم دینے کیلئے ہر سطح پر اقدامات کی ضرورت ہے، لٹریسی ڈیپارٹمنٹ دور حاضر کے مسائل کا مقابلہ کرنے کیلئے ان پڑھ افراد معاشرہ کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے اقدامات جاری رکھے گا۔ راجہ راشد حفیظ نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی مظفرگڑھ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔

اس موقع پر صوبائی پارلیمانی سیکریٹری نیاز احمد گشکوری نے کہا کہ کشتی سکول اپنی نوعیت کا پہلا پراجیکٹ ہے جس کے ذریعے دریا کے کنارے بسنے والے ماہی گیروں اور انکے بچوں کو تعلیم دی جائے گی ۔صوبائی سیکریٹری لٹریسی سمیرا صمد نے کہا کہ تحصیل کوٹ ادو میں تونسہ بیراج کے مقام پر لٹریسی ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے دریائے سندھ میں پاکستان کا پہلا منفرد ’کشتی سکول‘ قائم کر دیا گیا ہے،کشتی میں قائم تعلیم بالغاں سنٹر ماہی گیروں کو فری تعلیم اور کتابیں فراہم کرے گا، کشتی پر قائم تعلیم بالغاں سنٹر میں استاد کا تقرر کر دیا گیا ہے،سکول میں 16 سال سے 24 سال تک عمر کے ماہی گیروں کو مچھلی کے شکار کے دوران روزانہ دو گھنٹے تعلیم دی جائے گی ۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -مظفرگڑھ -