"مجھے یسوع نے کہا ہے" خاتون کی 37 ہزار فٹ کی بلندی پر ہوائی جہاز کا دروازہ کھولنے کی کوشش، ہنگامہ برپا کردیا

"مجھے یسوع نے کہا ہے" خاتون کی 37 ہزار فٹ کی بلندی پر ہوائی جہاز کا دروازہ ...

  

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکہ میں ایک خاتون کو اس وقت گرفتار کر لیا گیا جب پرواز کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی کیونکہ اس نے 37 ہزار فٹ کی بلندی پر طیارے کا سائیڈ ڈور کھولنے کی کوشش کی تھی ۔ ایسٹرن ڈسٹرکٹ آف آرکنساس کے لیے امریکی ڈسٹرکٹ کورٹ کے جاری کردہ دستاویزات کے مطابق، 34 سالہ ایلوم اگبیگنینو نے دوران پرواز  کہا کہ 'یسوع  نے اسے ہوائی جہاز کا دروازہ کھولنے کو کہا ہے۔'  یہ واقعہ  روز ہیوسٹن، ٹیکساس سے کولمبس، اوہائیو جانے والی ساؤتھ ویسٹ فلائٹ 192 میں پیش آیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق   اگبیگنینو نے فلائٹ کا دروازہ کھولنے کی کوشش اس وقت کی جب وہ مبینہ طور پر مایوس ہو گئیں کیونکہ فلائٹ اٹینڈنٹ نے انہیں ایمرجنسی ایگزٹ تک پہنچنے سے روک دیا تھا۔ ایک مسافر نے عملے کی مدد کی کوشش کی تو خاتون نے اس کی ران پر اتنی زور سے کاٹا کہ اسے اپنی ٹانگ چھڑوانے کیلئے خاتون کے جبڑے میں انگلیاں ڈالنی پڑیں۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق، خاتون طیارے کے پچھلے حصے میں گئی جہاں اس نے باہر نکلنے والے دروازے کو 'گھور کر' دیکھا۔ ایک فلائٹ اٹینڈنٹ جلد ہی موقع پر پہنچ گیا اور اس سے کہا کہ یا تو بیت الخلا کا استعمال کریں یا بیٹھ جائیں۔

ایک دوسری فلائٹ اٹینڈنٹ نے بتایا کہ اگبیگنینو نے پھر پوچھا کہ کیا وہ کھڑکی سے باہر دیکھ سکتی ہیں۔ جب فلائٹ اٹینڈنٹ نے نہیں کہا تو اس نے زبردستی ان سے گزر کر باہر نکلنے والے دروازے کا ہینڈل کھینچنا شروع کر دیا۔پھر ایک مسافر نے کسی کو یہ کہتے ہوئے سنا کہ 'وہ دروازہ کھولنے کی کوشش کر رہی ہے' اور مدد کے لیے ہوائی جہاز کے پچھلے حصے میں گیا۔ دستاویزات کے مطابق، تب ہی اگبیگنینو نے اسے کاٹا۔ 

عدالتی دستاویزات میں مزید کہا گیا ہے کہ خاتون نے پھر جہاز کے فرش پر اپنا سر مارنا شروع کردیا اور کہنے لگی ' یسوع  نے اسے اوہائیو جانے کو کہا اور یسوع نے اسے جہاز کا دروازہ کھولنے کو کہا۔' پرواز میں حالات خراب ہونے پر بالآخر پائلٹ کو لٹل راک میں بل اور ہلیری کلنٹن نیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -