"پاکستان کو 5 سال میں سود سے پاک کیا جاسکتا ہے" وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا دعویٰ

"پاکستان کو 5 سال میں سود سے پاک کیا جاسکتا ہے" وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا دعویٰ

  

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کو 5سال میں سود سے پاک کیا جا سکتا ہے۔ ڈیلی ڈان کے مطابق سود کی حرمت کے حوالے سے کراچی میں ہونے والے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت ملک سے سودی نظام کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور شرعی عدالت کے سود کو حرام دینے سے متعلق فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ 

وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلامی بینکاری نظام کے حوالے سے ہم آج بھی وہیں کھڑے ہیں جہاں 2018ءمیں کھڑے تھے۔ اگر ہم خلوص نیت سے صرف اللہ کی رضا کے لیے فیصلہ کریں تو پانچ سال میں ملک سے سود کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت ملک میں اسلامی بینکاری 20سے 21فیصد ہو چکی ہے اور اسلامی بینکنگ کے اثاثے 7ٹریلین روپے کی سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ 

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہمیں اسلامی بینکنگ کی پراڈکٹس کو سستا کرنا ہو گا۔ میوچل فنڈز اور انشورنس کو اسلامی بنیاد پر لانا ہو گااور اسلامی بینکوں کو روایتی بینکوں سے زیادہ بہتر کارکردگی دکھانی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کوشش کی جا رہی ہے کہ ہر شخص کو بینکاری نظام سے وابستہ کیا جائے۔ بینکاری نظام زندگی کی ضرورت بن چکا ہے کیونکہ اسی کے ذریعے شفاف لین دین کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -