پیپلز پارٹی غریب عوام کی جماعت ہے، امجد آفریدی 

پیپلز پارٹی غریب عوام کی جماعت ہے، امجد آفریدی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(سٹی رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخواہ کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات امجد خان آفریدی نے کہا ہے کہ 56 برس قبل ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی۔ ذوالفقار علی بھٹو کی سحرانگیز شخصیت کے باعث نوآموز پارٹی اپنے قیام کے تین چار سال بعد ہی اقتدار میں آگئی۔ پیپلزپارٹی سنٹر آف دی لیفٹ پارٹی تصور ہوتی ہے، اس کیخلاف دائیں بازو کی تمام قوتیں شروع دن سے سرگرم ہوگئی تھیں۔ پیپلزپارٹی کو ختم کرنے کی کوششیں اور سازشیں ہوتی رہیں مگر بھٹو پارٹی کو جن مضبوط بنیادوں پر استوار کرکے گئے اسکے باعث پارٹی نے ہر مشکل میں خود کو سیاسی میدان میں قائم رکھا ہے جبکہ پارٹی وفاق کی علامت بھی تصور ہوتی ہے جس کے حوالے سے بے نظیر بھٹو کیلئے ”چاروں صوبوں کی زنجیر“ کا نعرہ لگایا جاتا رہا۔ آج بھی پیپلزپارٹی فیڈریشن کی علامت سمجھی جاتی ہے۔ پیپلز پارٹی غریب عوام کی جماعت ہے، پیپلزپارٹی ایک نظریاتی جماعت ہے جس طرح اپنے دور اقتدار میں ملک کو چلایااور ترقی کی راہ پر گامزن کیا اس کی کوئی دوسری نظیر نہیں ملتی۔صوبائی سیکرٹری اطلاعات امجد خان آفریدی نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جس نے ہر دور میں غریب عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند کی۔ ذوالفقارعلی بھٹو سے لیکر بینظیر بھٹوتک، آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کی جمہوریت اور ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ہے پاکستانیوں کو شناختی کارڈ جاری کیے۔ ملک کو متفقہ آئین دیا۔ ملک کو ایٹمی طاقت بنایا۔ 18ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو خودمختاری دی یہ سب پیپلزپارٹی کے منشور کی پاسداری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انکا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کی بقا کیلئے جو قربانیاں دی ہیں وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں ملک کو درپیش مشکلات سے نکالنے کیلئے ہمارے قائدین کے فیصلوں کی وجہ سے ملک کی بقا کی جنگ جیتنے کے قریب ہیں۔