عمران خان نے بیانیہ بدل لیا ، اہم ہدایات جاری ،اب تحریک انصاف کے جلسوں میں کس کے نعرے لگیں گے ؟ انصار عباسی نے اہم انکشاف کردیا

عمران خان نے بیانیہ بدل لیا ، اہم ہدایات جاری ،اب تحریک انصاف کے جلسوں میں کس ...
عمران خان نے بیانیہ بدل لیا ، اہم ہدایات جاری ،اب تحریک انصاف کے جلسوں میں کس کے نعرے لگیں گے ؟ انصار عباسی نے اہم انکشاف کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( خصوصی رپورٹ ) کچھ اشارے مل رہے ہیں کہ شاید عمران خان کو وہ بات سمجھ میں آنا شروع ہو گئی ہے، عمران خان نے  ہدایت کی ہے کہ تحریک انصاف اور فوج کے درمیان لڑائی کے تاثر کو ختم کیا جائے اور ایسے تمام افراد کو پارٹی اور پارٹی کے سوشل میڈیا سے نکال باہر کیا جائے جو فوج کو بدنام کر رہے ہیں یا ایسے کسی عمل میں شریک ہیں۔اب تحریک انصاف کے جلسوں جلوسوں میں پاک فوج زندہ باد کے نعرے گونجیں گے۔  امید ہے کہ عمران خان پاک فوج زندہ باد کے اپنے نئے بیانیہ پر کھڑے رہیں گے۔  سینئر صحافی و کالم نگار انصار عباسی نے اہم انکشاف کر دیا۔

"جیو " میں شائع ہونیوالے اپنے بلاگ بعنوان "’’پاک فوج زندہ باد‘‘ خان کا نیا بیانیہ" میں لکھا ہے کہ  کوئی بھی سیاسی جماعت فوج سے لڑائی نہیں لڑ سکتی اور نہ ہی ایسی لڑائی میں پڑنا چاہیے لیکن  عمران خان  نے اپنے سیاسی مخالفین کی بجائے اسٹیبلشمنٹ اور فوجی قیادت سے ہی لڑنے کا فیصلہ کیا۔ خان صاحب اپنی مقبولیت کے گھمنڈ میں آگےبڑھتے چلے گئے اور پھر 9 مئی کا سانحہ ہو گیا ،عمران خان اور تحریک انصاف کے ساتھ وہی ہوا جس کا مجھ سمیت بہت سے لوگ کو ڈر تھا۔ اب خان صاحب جیل میں ہیں، اُن کی جماعت کے بڑی تعداد میں رہنما اور سابق ارکان اسمبلی تحریک انصاف کو چھوڑ چکےہیں، کئی ایک جیل میں ہیں جبکہ بہت سے انڈر گراؤنڈ ہو چکےہیں۔

انصار عباسی نے بلاگ میں مزید لکھا کہ اب کچھ اشارے مل رہے ہیں کہ شاید عمران خان کو وہ بات سمجھ میں آنا شروع ہو گئی ہے جس کے بارے میں اُنہیں بہت سوں نے سمجھانے کی کوشش کی۔ ویسے تو تحریک انصاف کیلئے جلسے جلوس کرنا بہت مشکل ہو چکا لیکن حال ہی میں صوبہ خیبر پختون خوامیں تحریک انصاف نے چند ایک جلسے کیے جن سے پارٹی کے نئے سینئر نائب صدر شیرا فضل خان مروت نے خطاب کیا۔ ان جلسوں میں پاک’’ فوج زندہ باد‘‘ اور ’’شہدا ءپاک فوج زندہ باد‘‘ کے نعرہ لگوائے گئے۔اس پر میری شیر افضل مروت صاحب سے بات ہوئی تو اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اُن کو ہدایت کی ہے کہ تحریک انصاف اور فوج کے درمیان لڑائی کے تاثر کو ختم کیا جائے اور ایسے تمام افراد کو پارٹی اور پارٹی کے سوشل میڈیا سے نکال باہر کیا جائے جو فوج کو بدنام کر رہے ہیں یا ایسے کسی عمل میں شریک ہیں۔ مروت صاحب کا کہنا تھا کہ" عمران خان کا کہنا ہےکہ فوج پاکستان کی سالمیت اور دفاع کیلئے لازم ہے اور فوج کے شہداء قوم کے ہیرو ہیں جن کے ساتھ تحریک انصاف اور عمران خان ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔  اب تحریک انصاف کے جلسوں جلوسوں میں پاک فوج زندہ باد کے نعرے گونجیں گے۔ چلیں، دیر آید درست آید۔ امید ہے کہ عمران خان پاک فوج زندہ باد کے اپنے نئے بیانیہ پر کھڑے رہیں گے اور پھر سے فوج سے اُس لڑائی کو دوبارہ نہیں شروع کریں گے جس نے اُن کو اور اُن کی جماعت کو بہت نقصان پہنچایا۔

بلاگ کے آخر میں انصار عباسی نے لکھا کہ اس نئے بیانیہ کا مقصد کیا ہے اس بارے میں مجھے معلوم نہیں۔ ہو سکتا ہے کہ کوشش ہو کہ اس سے آئندہ انتخابات کیلئے تحریک انصاف کو الیکشن لڑنے کے لیے کچھ بہتر سپیس مل جائے۔یہ بھی ہو سکتا ہے کہ عمران خان واقعی اپنے کیے پر پچھتا رہے ہوں۔ وجہ جو بھی ہو عمران خان کو اگر پاکستان میں سیاست کرنی ہے اور اپنی سیاسی جماعت کے سیاسی مستقبل سے دلچسپی ہے تو اپنے گزشتہ ایک ڈیڑھ سال کے بیانیے کو نہ صرف دریا بُرد کرنا پڑے گا بلکہ اپنے ووٹروں، سپورٹروں کے ذہنوں میں بھرے فوج مخالف زہر کو ختم کرنا پڑے گا۔