حکومت نجکاری کا داغ اپنی پیشانی پر سجانے سے گریز کرے ، افتخار حسین
لاہور( پ ر )ہیومن رائٹس ویلفےئر فورم کے صدر افتخار حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے حکمران غربت ، بے روزگاری ، مہنگائی ، بجلی وگیس کی لوڈشیڈنگ جیسے ملک کے اہم اور بنیادی مسائل ختم کرنے کی بجائے بڑے بڑے منصوبوں ، کالے دھن کو سفید کرانے اور پی آئی اے ، سٹیل ملز جیسے قومی اداروں کو اونے پونے داموں ٹھکانے لگانے پر تلے ہوئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران سٹیل ملز اور پی آئی اے جیسے نہایت منافع بخش اداروں کو مخلص و محب وطن ، دیانتدار و اہل حکام کے ذریعے سرکاری سرپرستی میں چلائے تو ملک و قوم کو بہت فائدہ پہنچ سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )کی حکومت نجکاری کا داغ اپنی پیشانی پر سجانے کے بجائے ملک و قوم کے بہترین مفاد میں دیانتدار اور باصلاحیت لوگوں کے ذریعے قومی اداروں کو چلا کر روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے علاوہ سرکاری خزانے کو بھرنے کا اہتمام کرے تاکہ ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھ کر ملک کو خوشحالی سے ہمکنارکیا جاسکے ۔