سندھ حکومت کی برطرفی کے مطالبہ بلاجواز ہے، نجمی عالم

سندھ حکومت کی برطرفی کے مطالبہ بلاجواز ہے، نجمی عالم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر نجمی عالم، سندھ کے سیکریٹری اطلاعات وقار مہدی اور کراچی کے سیکریٹری اطلاعات لطیف مغل نے نام نہاد گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے اس مطالبہ کو جس میں سندھ حکومت کی برطرفی اور سندھ میں نگراں حکومت کا مطالبہ کیا ہے کو مضحکہ خیز اور ناقابل عمل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کے بار بار مسترد کردہ لوگوں کی طرف سے اس طرح کا مطالبہ نہ صرف غیر آئینی غیر قانونی ہے بلکہ سندھ کی منتخب اسمبلی کی توہین بھی ہے۔ پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری کئے گئے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمیشہ آمریت کی گود میں پلنے والے عناصر نے بھان متی کا کنبہ جوڑ کر اسٹیبلشمنٹ کو غیر آئینی اقدام پر اکسانا شروع کر دیا ہے۔ عوام کے بار بار مسترد کردہ عناصر کا ہمیشہ سے یہ وطیرہ رہا ہے کہ وہ جمہوریت کی آڑ میں غیر جمہوری عمل کی حمایت کر کے سندھ کے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوششیں کرتے ہیں کیونکہ یہ عناصر اچھی طرح جانتے ہیں کہ وہ کبھی جمہوری طریقے سے عوام کے ووٹوں سے منتخب نہیں ہوسکتے۔ اس لئے وہ اس کوشش اور انتظار میں رہتے ہیں کہ جمہوری حکومت کو چلتا کیا جائے تاکہ وہ اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے چور دروازے سے اقتدار میں آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام ایسے رجعت پسند عناصر کو اچھی طرح پہچان گئے ہیں اور ان کے کسی بہکاوے میں آنے کیلئے تیار نہیں چاہئے یہ کسی بھی روپ میں یا نیا نقاب لے کر آجائیں۔ سندھ کے عوام پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت پر غیر متزلزل یقین رکھتے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی ملک اور بالخصوص صوبے کے عوام کے دیرینہ مسائل حل کر سکتی ہے کیونکہ وہ غریب عوام کے مسائل کو سمجھتی ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر