بیت المال پنجاب کے ’’امین ‘‘کی کرامات ”دوران عمرہ “جنوبی پنجاب کے دورے کرتے رہے،محکمہ کو لاکھوں کا چونا، آڈٹ رپورٹ نے بھانڈا پھوڑ دیا

بیت المال پنجاب کے ’’امین ‘‘کی کرامات ”دوران عمرہ “جنوبی پنجاب کے دورے ...
بیت المال پنجاب کے ’’امین ‘‘کی کرامات ”دوران عمرہ “جنوبی پنجاب کے دورے کرتے رہے،محکمہ کو لاکھوں کا چونا، آڈٹ رپورٹ نے بھانڈا پھوڑ دیا

  


لاہور (نیوز ڈیسک)بیت الما ل پنجاب کے امین ملک سلیمان منگلہ بد دیانت نکلے ،سوشل ویلفیئر کی آڈٹ رپورٹ نے بھانڈا پھوڑ دیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان سے مسلم لیگ ن کے ایم این اے اور مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے ناظم اعلیٰ حافظ عبد الکریم کی سفارش پر محکمہ بیت المال پنجاب کے امین تعینات ہونے والے ملک سلیمان منگلہ نے اپنے تین سالہ دور میں ”بیت المال “ کو لاکھوں روپے کا ٹیکہ لگایا ۔محکمہ سوشل ویلفیئر کی حالیہ آڈٹ رپورٹ میں ملک سلیمان منگلہ کی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے ۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملک سلیمان منگلہ نے بیک وقت نہ صرف سعودی عرب میں عمرے کے لیے اپنے 20 دنوں کے قیام کے دوران سرکاری گاڑی میں سینکڑوں لیٹر پٹرول کا استعمال ظاہر کیا بلکہ ”عمرہ کے دوران“وہ جنوبی پنجاب کے کئی اضلاع کے” جعلی دورے“ بھی کرتے رہے اور محکمہ کو پٹرول اور ٹی اے ڈی اے کی مد میں چونا لگاتے پائے گئے ۔ اپنے تین سالہ دور میں ملک سلیمان منگلہ بیت المال پنجاب آفس میں صرف 20مرتبہ ہی ”تشریف“ لاسکے ،اس کے علاوہ وہ ”حالت سفر“میں ہی پائے گئے ۔واضح رہے کہ لودھراں سے تعلق رکھنے والے امین بیت المال پنجاب ملک سلیمان منگلہ کے عہدے کی مدت 22 مارچ 2016 کو ختم ہورہی ہے اس سے قبل ہی انہوں نے عہدے میں توسیع کے لئے ہاتھ پاﺅں مارنے شروع کر دیئے ہیں جبکہ اُن کے” سفارشی“ بھی متحرک ہو گئے ہیں ۔ یاد رہے کہ ماضی میں بیت المال کے امین کے لیے کسی ریٹائرڈ جج یا نیک نام دیندار اور مذہبی شخصیات کا انتخاب کیا جاتا تھا مگر پنجاب حکومت نے پہلی بار  ایک انتہائی غیر معروف اور نان پروفیشنل شخص کو محض سیاسی بنیاد پر تعینات کردیاگیا جس کی نااہلی ’’کرامات ‘‘اور عدم دلچسپی کے باعث  نہ صرف ادارے کی ساکھ مجروح ہوئی بلکہ ہزاروں مستحقین بیت المال کی افادیت سے بھی محروم رہے ۔

مزید : لاہور