پا کستان میں انتہاءپسندی کی کوئی جگہ نہیں،برطانیہ کا تعلیم، صحت، امن عامہ اور دیگر شعبوں میں تعاون لائق تحسین ہے:شہباز شریف

پا کستان میں انتہاءپسندی کی کوئی جگہ نہیں،برطانیہ کا تعلیم، صحت، امن عامہ ...
پا کستان میں انتہاءپسندی کی کوئی جگہ نہیں،برطانیہ کا تعلیم، صحت، امن عامہ اور دیگر شعبوں میں تعاون لائق تحسین ہے:شہباز شریف

  


لاہور(نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پا کستان میں انتہاءپسندی کی کوئی جگہ نہیں، تعلیم ایک ایسا ہتھیار ہے جس کے ذریعے انتہاءپسندی اور دہشت گردی جیسے رجحانات پر قابو پایا جا سکتا ہے،برطانیہ کا تعلیم، صحت، سکل ڈویلپمنٹ، امن عامہ اور دیگر شعبوں میں تعاون لائق تحسین ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق لاہور میں برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن (Mr. Philip Barton) نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی ،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بہترین دوستانہ و تجارتی تعلقات قائم ہیں اورپاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور برطانیہ کے مابین مختلف شعبوں میں اشتراک کار میں اضافہ ہو رہا ہے اور میرا حالیہ دورہ برطانیہ میرے سیاسی کیرئیر کا کامیاب ترین دورہ تھا، پنجاب حکومت برطانیہ کے ساتھ سماجی شعبوں کی ترقی کے حوالے سے تعاون کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کی خواہاں ہے۔وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے نیشنل ایکشن پلان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے اتحاد کا مثالی مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر اتفاق کیا ہے ا ورنیشنل ایکشن پلان پرعملدر آمد کے حوالے سے کےے جانے والے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔پاکستان کی پوری قوم، سیاسی و عسکری قیادت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یکسو اورمتحد ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی لازوال قربانیوں کی اقوام عالم میں نظیر نہیں ملتی ، یہ جنگ ہماری آئندہ نسلوں کی بقاءکی جنگ ہے جسے ہمیں ہر حال میں جیتنا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی شفافیت کا اعتراف برلن سے جاری ہونے والی ٹرانسیپرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ میں کیاگیا ہے جس میں پاکستان کرپشن کے عالمی انڈکس میں تاریخ کی سب سے بہترین پوزیشن پر آگیاہے جو کہ موجودہ حکومت کی شفاف پالیسیوں کی تصدیق ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ امن اور تحمل و برداشت پر مبنی معاشرے کی تشکیل قائداعظم محمد علی جناحؒ کا وژن اور اس کا قیام ہمارا مشن ہے ،انہوں نے برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ فلپ بارٹن نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم اور مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اس ضمن میں ان کی خدمات قابل ستائش ہیں۔برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے برطانوی ٹیکس گزاروں کے پیسے کا درست استعمال کیا ہے - انہوں نے کہا کہ پنجاب اور برطانیہ کے مابین مضبوط پارٹنر شپ قائم ہے - پنجاب میں شہباز شریف نے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کئی قابل تقلید اقدامات کئے ہیں - انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رہے گا۔

مزید : قومی /اہم خبریں