علامہ عرفان عابدی اُفق خطابت کے رخشندہ آفتاب تھے ،علامہ قمر حیدر

علامہ عرفان عابدی اُفق خطابت کے رخشندہ آفتاب تھے ،علامہ قمر حیدر

راولپنڈی(جنرل رپورٹر)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے رکن سپریم کونسل ، امامیہ کونسل کے سربراہ عالمی شہرت یافتہ خطیب علامہ سید عرفان حیدر عابدی مرحوم کی برسی ملک بھر میں قومی جذبے کیساتھ منائی گئی اس موقع پر باب العلم اکیڈمی کے زیر اہتمام زین العابدین ہال میں آفتاب خطابت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ٹی این ایف جے ریجنل کونسل کے صدر علامہ سید ابو الحسن تقی نے کی جبکہ سجادہ نشین دربار سخی شاہ پیارا کاظمی المشہدی سید قاسم علی شاہ کاظمی مہمان خصوصی تھے ۔ اس موقع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹی این ایف جے کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات خطیب فاتح فرات علامہ سید قمر حیدر زیدی نے علامہ عرفان حیدر عابدی مرحوم کی دینی و قومی خدمات کو تاریخ کا سنہری باب قرار دیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ علامہ عرفان حیدر عابدی اُفق خطابت کے رخشندہ آفتاب تھے جو ادبی اور مذہبی حلقوں کے رو ئے رواں ہونے کیساتھ سیاسی اور قومی میدان میں بھی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ علامہ عابدی نے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامدعلی شاہ موسوی کی قیادت میں قومی حقوق کیلئے محاذ حسینی راولپنڈی کی تحریک میں بھرپور حصہ لیا جنکی رحلت عظیم ناقابل تلافی قومی نقصان ہے اُنکا نام خطیب شام غریباں کی حیثیت سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سید قمر زیدی نے کہا کہ علامہ عرفان عابدی مرحوم مجالس عزا کی رونق اور منبر حسین کی زینت تھے جنہوں نے نہ صرف اندورن ملک بلکہ غیر ممالک میں مجالس سے خطاب کر کے ولائے علیؑ اور عزائے حسین کو شعار بنایا ، اُنکا نام عزاداری کیساتھ ہمیشہ زندہ رہے گا۔ اور ملک میں امن و اخوت اور محبت یگانگت کے فروغ کیلئے اُنکی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔کانفرنس سے مختار سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر سید محمد عباس کاظمی اور ابراہیم سکاؤٹس (اوپن گروپ) کے چیف سکاؤٹ سید کاشف رضا کاظمی نے بھی خطاب کیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر