جیرے گروپ کاپنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

جیرے گروپ کاپنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

لاہور(کامر س رپورٹر) تیل ، گیس، توانائی اور ماحولیات کے حوالے سے عالمی طور پر مشہور جیرے گروپ (JEREH GROUP) نے پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ مفاہمت کی یادداشت کے مطابق جیرے گروپ (JEREH GROUP) پاکستان اور خصوصاً پنجاب کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے میں مشینری کی پیداوار، تکنیکی خدمات، انجینئرنگ اور فنانسنگ سمیت دیگر شعبوں میں ہراول دستے کا کردار ادا کرنے کا متمنی ہے۔ پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری وتجارت کی طرف سے ادارے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جہانزیب برانہ جبکہ جیرے گروپ (JEREH GROUP) کی طرف سے ان کے ڈائریکٹر سیلز ژیونگ یاؤ نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ۔

جیرے گروپ (JEREH GROUP) توانائی کے شعبہ میں ’’کیپٹیو پاور موڈ CAPTIVE POWER MODE‘‘ یعنی پیداواری یونٹوں کیلئے مختص مخصوص علاقے کی ضروریات کے مطابق توانائی کی فراہمی کے شعبہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے اور اسی حوالے سے ان کو پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے دورے کے دوران سپیشل اکنامک زونز اور وہاں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے خصوصی طور پر بریف کیا گیا۔ علاوہ ازیں پاکستان میں پہلے سے توانائی کے شعبے میں کام کرنے والے بسم اللہ انرجی گروپ اور جے ڈی ڈبلیو (JDW) گروپ نے بھی جیرے گروپ (JEREH GROUP) کے اعلیٰ سطحی وفد سے خصوصی ملاقاتیں کی اور باہمی تعاون کے امکانات پر گفتگو کی۔ ان ملاقاتوں کے نتیجے میں جیرے گروپ (JEREH GROUP) نے ان پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ اشتراک میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

جیرے گروپ (JEREH GROUP) کے ڈائریکٹر سیلز ژیونگ یاؤ نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کے شعبے میں اپنا الگ اور اہم مقام رکھتا ہے اور اس نے یہ مقام صارفین کی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیکنالوجی میں جدت لاکر حاصل کیا ہے۔ جیرے گروپ (JEREH GROUP) دنیا کے 60 سے زائد ممالک میں اپنے منصوبے کامیابی سے پایہء تکمیل تک پہنچا چکا ہے۔ پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جہانزیب برانہ نے جیرے گروپ (JEREH GROUP)کے نمائندے کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں بریفنگ دی اور انہیں ادارے کی ون ونڈو سہولت کے بارے میں بھی تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے حوالے سے پنجاب بورڈبرائے سرمایہ کاری و تجارت ہر قدم پر سرمایہ کاروں کے ساتھ کھڑا ہے اور انہیں ہر قسم کی سہولت مہیا کرنے کیلئے دن رات ایک کرنے سے بھی گریز نہیں کرے گا۔

مزید : کامرس