سورج مکھی کی کاشت کے ہدف کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں‘ سیکرٹری زراعت


لاہور(کامرس رپورٹر)سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود نے ہدایت کی ہے کہ سورج مکھی کی کاشت کا ہدف حاصل کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ امسال صوبہ میں سورج مکھی 2لاکھ ایکڑ رقبہ پر کاشت کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے حصول کیلئے تمام کاشتکاروں کی بھرپور رہنمائی کی جارہی ہے۔ خادم پنجاب کسان پیکیج کے تحت سورج مکھی کی کاشت پر بذریعہ واؤچرز 5ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔ رجسٹرڈ کسانوں کوسورج مکھی کی کاشت پر10ایکڑتک سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب اور آل پاکستان سالونٹ ایکسٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے مشترکہ تعاون سے سورج مکھی اور کینولہ کی فصل بروقت خریداری کو یقینی بنانے کیلئے علاقائی سطح پر مراکز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ۔ سبسڈی کی رقم کے ساتھ سورج مکھی کی فصل 2500 روپے فی من فروخت کی کمی بیشی کو مدنظر رکھتے ہوئے کاشتکار کی مالی معاونت بھی کی جائے گی۔

مزید : کامرس

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...