روئی کی قیمتیں ایک ہفتے میں500روپے گر گئیں

روئی کی قیمتیں ایک ہفتے میں500روپے گر گئیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اکنامک رپورٹر ) مقامی کاٹن مارکیٹ میں روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں غیرمعمولی کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے صرف ایک ہفتے کے دوران روئی کی قیمت 500 روپے کی کمی سے 7 ہزار500روپے من رہ گئی۔تفصیلات کے مطابق جن بعض ٹیکسٹائل ملوں کی جانب سے 8 ہزار روپے من کے حساب سے روئی کے خریداری معاہدے کیے گئے وہ سودے غیراعلانیہ طور پرمنسوخ ہونا شروع ہوگئے ہیں جس کے سبب کاٹن جننگ سیکٹر میں تشویش کی لہردوڑ گئی ہے۔ یونی ویژن نیوز کے مطابق چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے روئی کی درآمد پر عائد 9 فیصدکے ڈیوٹی و ٹیکسز کے خاتمے کے فیصلے اور امریکا، بھارت اور چین میں روئی کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باعث پاکستان میں بھی روئی کی قیمتیں گھٹ رہی ہیں اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا کہ چند روز کے دوران روئی کی قیمتوں میں مزید کمی آسکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ روئی کی قیمتوں میں غیرمعمولی کمی کی وجہ سے بعض ٹیکسٹائل ملز نے 8ہزار روپے فی من کے حساب سے خریدی گئی روئی کے سودے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ مہنگے داموں خریدی گئی روئی جس کی ترسیل ملوں کو ہوچکی ہے اس کی ادائیگی میں بھی تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے کاٹن جنرز میں تشویش دیکھی جا رہی ہے، بعض کاٹن جنرز کے معاشی بحران میں بھی مبتلا ہونے کی اطلاعات آ رہی ہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ روئی کی قیمتوں میں غیرمتوقع کمی سے آئندہ سال کپاس کی کاشت بھی متاثر ہوسکتی ہے۔

مزید :

کامرس -