پی ایس ایل فائنل کی فل ڈریس ریہرسل 11 فروری کو ہوگی

پی ایس ایل فائنل کی فل ڈریس ریہرسل 11 فروری کو ہوگی

کراچی (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل)کے فائنل کے سیکیورٹی انتظامات کی فل ڈریس ریہرسل 11 فروری کو کرنے کااعلان کردیا ہے۔پی سی بی کی جانب سے وزیراعلی سندھ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ اس فل ڈرس ریہر سل کی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)، براڈ کاسٹر اور سیکیورٹی ماہرین باریک بینی سے نگرانی کریں گے۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والی ریہرسل کے بعد فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن کو سفارشات دی جائیں گی جو پی ایس ایل فائنل میں غیرملکی کھلاڑیوں کو حصہ لینے کے لیے اجازت کے حوالے سے فیصلہ کرے گی۔خیال رہے کہ پی ایس ایل کے شیڈول کے مطابق رواں سال ٹورنامنٹ کا فائنل 25 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔پی سی بی نے تمام متعلقہ حکام کا انسپکٹر جنرل سندھ پولیس کے دفتر میں باہمی تعاون کے لیے ایک اجلاس طلب کرلیا ہے جہاں نیشنل اسٹیڈیم کے جنرل منیجر اور ڈائریکٹر سیکیورٹی بھی موجود ہوں گے۔خط کے مطابق 'فوج، خفیہ ایجنسیوں، رینجرز، کمشنر کراچی، ڈی جی پروٹوکول، اے ایس ایف، سی اے اے، ڈی جی ہیلتھ، کے ای ایس سی اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکاروں کو بھی اجلاس میں شرکت کے لیے کہا گیا ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی