قومی ٹیم کو گلی محلے کی قرار دینا افسوس ناک ہے : سرفراز احمد

قومی ٹیم کو گلی محلے کی قرار دینا افسوس ناک ہے : سرفراز احمد

لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ پاکستان ٹیم کی سلیکشن میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر غیر ضروری اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے من مانی کررہے ہیں اور کپتان کی رائے کو اہمیت نہیں دے رہے ہیں۔کپتان نے کہا کہ مکی آرتھر اور میں دوروں میں گیارہ کھلاڑیوں کا انتخاب مشاورت سے کرتے ہیں، ضرورت پڑنے پر چیف سلیکٹر انضمام الحق سے بھی مشورہ کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی ٹیم سیریز ہارجاتی ہے، ابھی آسٹریلیا نے ایشز سیریز جیتی لیکن انگلینڈ نے ون ڈے سیریز چار ایک سے جیت لی، وہاں کسی نے شکست میں سے سازشی مفروضوں کو تلاش کرنے کی کوشش نہیں کی، میں خراب کارکردگی کا دفاع نہیں کروں گا لیکن ہر بری کارکردگی اور شکست کے بعد اسے اختلافات قرار دینا درست نہیں ہے۔سرفراز احمد نے کہا کہ ہم نے غلطیاں کیں اور خراب کھیل کر ہارے، حسن علی کے واقعے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جارہا ہے، ٹیم میں ایک خاندان والا ماحول ہے پانچ ہفتوں میں کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ۔پاکستانی کپتان نے کہا کہ لڑائی جھگڑوں اور اختلافات کی خبریں غلط اور بے بنیاد ہیں، ایسی خبروں سے ٹیم کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کی جاتی ہے اور بیرون ملک پاکستان کرکٹ کی بدنامی ہوتی ہے۔سرفراز احمد نے کہا کہ مسلسل چھ انٹر نیشنل میچ ہارنے کے بعد بڑی بڑی ٹیمیں سیریز میں واپس نہیں آتیں، پوری ٹیم کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے، ٹیم اسپرٹ ہی تھی جس کی وجہ سے گری ہوئی ٹیم دنیا کی مضبوط ٹیم کے خلاف کامیاب رہی۔ غلطیاں جان بوجھ کر نہیں ہوئیں، اتفاق تھا کہ ون ڈے میچ سے قبل امام الحق نے کہا کہ میری انگلی میں تکلیف ہے، ان کے انکار کے بعد فہیم اشرف کو اوپنر کی حیثیت سے کھلایا گیا، اسی طرح محمد نواز کو بھی ون ڈان پر کھلانا کا فیصلہ مجبوری میں کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ احمد شہزاد کی شمولیت سے فائدہ ہوا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر کی جانب سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو نارتھ ناظم آباد کی ٹیم قرار دیئے جانے پر کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ شعیب اختر میرے بڑے ہیں، محمد حفیظ پاکستانی ٹیم کا کھلاڑی ہے اگر وہ کسی وجہ سے نہیں کھیلتے تو پاکستان ٹیم کو گلی محلے کی ٹیم قرار دینا افسوس ناک ہے، کسی کھلاڑی کو نہ کھلانے پر یہ ریمارکس افسوس ناک تھے۔انہوں نے کہا کہ مکی آرتھر نے درست کہا ہے کہ مسلسل کرکٹ کی وجہ سے ہمارے کھلاڑیوں کی فٹنس متاثر ہورہی ہے ۔سرفراز احمد نے کہا کہ وطن واپسی کے بعد کھلاڑی ایک سے ڈیڑھ ہفتے آرام کریں گے، ان کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ریجن کی جانب سے ون ڈے ٹورنامنٹ کھیلیں، میچوں کے آف ڈے پر پاکستانی ٹیم کے ٹرینر گرانٹ لوڈن قومی اکیڈمی میں موجود ہوں گے، وہ کھلاڑیوں کو فٹنس کا پلان دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹیم انتظامیہ نے نیوزی لینڈ میں یہ بات محسوس کی تھی کہ بعض کھلاڑی ٹیم کے ساتھ رہ کر فٹنس پر کام کرتے ہیں اور آف کرنے کے بعد ریلکس کرتے ہیں، کوچ نے تمام کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ وہ ٹرینر کے ساتھ رابطے میں رہیں اور اپنی فٹنس پر توجہ دیں۔سرفراز احمد نے کہا کہ آکلینڈ سے دبئی کی طویل فلائٹ کے دوران حسن علی کے پاؤں میں سوزش بڑھ گئی ہے، انہیں فوری طور پر چار ہفتے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے، ہوسکتا ہے کہ حسن علی پاکستان سپر لیگ کے ابتدائی میچوں میں شرکت نہ کرپائیں۔سرفراز احمد نے مزید کہا کہ میں ایک ہفتے بعد عمرے کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب جارہا ہوں جس کے بعد پاکستان سپر لیگ میں حصہ لوں گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...