فن ٹیک سینٹر کے ذریعے تین تحقیقی منصوبوں کے آغاز کیلیے معاہدے پر دستخط


لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے لوگوں کی مالیاتی شمولیت کے لیے کارانداز پاکستان کو مالی تعاون فراہم کرنے والے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد نے آئی ٹی یو میں قائم فن ٹیک سینٹر کے ذریعے تین تحقیقی منصوبوں کے آغاز کے لیے باہمی معاہدے پر دستخط کئے۔ آئی ٹی یو کے وائس چانسلر اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مالیاتی ٹیکنالوجی کے شعبے میں اختراع کے فروغ اور تحقیق کے لیے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن اور کارانداز پاکستان جیسے بین الاقوامی ترقیاتی اداروں کے ساتھ اشتراک نہایت خوش آئند امر ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ مقامی وبین الاقوامی اداروں کے ساتھ اشتراک سے ملک میں ٹیکنالوجی کے جدت انگیز استعمال کے ذریعے مالیاتی شمولیت کو فروغ دیا جائے۔اس اشتراک سے پاکستان کو اپنے ڈیجیٹل فنانشل سروسز میں بہتری لانے بالخصوص خواتین کی شمولیت کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر فنانشل سروسز جیسن لیمب کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ تحقیق اور بہتر معلومات سے پاکستان میں ٹیکنالوجی کے ذریعے خواتین کی مالیاتی شمولیت کے فروغ میں مدد ملے گی۔ ماہرین تعلیم کی جانب سے مسائل کے حل کے لیے انڈسٹری کے ساتھ تعاون نہایت خوش آئند ہے جو آئی ٹی یو اور کارانداز کے باہمی تعاون سے ممکن ہو سکا ہے۔کارانداز پاکستان کے سی ای او علی سرفراز کا کہنا تھا کہ ہم بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن اور برطانیہ کے ڈیپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ کے تعاون سے مالیاتی شمولیت کے فروغ کے لیے مختلف اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں جن میں قومی بچت، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور زراعت کے محکمے شامل ہیں۔ فن ٹیک سینٹر کی جانب سے شروع کیے جانے والے تین تحقیقی منصوبوں سے خواتین کی جانب سے ڈیجیٹل مالیاتی سہولت کے استعمال اور اس میں درپیش مشکلات کے حوالے سے دستیاب معلومات میں بہتری لائی جائے گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 4

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...