لیڈز یونیورسٹی کی آٹھویں سالگرہ پر کلچرل ڈے ایونٹ کا انعقاد
لاہور (پ ر) لاہور لیڈز یونیورسٹی کی آٹھویں سالگرہ پرگزشتہ روز مرکزی کیمپس میں کلچرل ڈے ایونٹ کا انعقاد کیا گیا۔ مہمان خصوصی وائس چانسلر ڈاکٹر محمد رفیق بلوچ نے شاندار تقریب کا افتتاح کیا۔صدر یونیورسٹی میاں ظہور وٹو اورایم ڈی لیڈز گروپ اسد منظور وٹونے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کو ثقافتی رنگوں سے سجایا گیا۔ چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والے طلبا و طالبات نے اپنے روایتی ملبوسات زیب تن کئے۔ سندھی، بلوچی، پختون،سرائیکی ، گلگت بلتستان اور پنجاب کے سٹوڈنٹس نے روایتی میوزک پر دھمال اور بھنگڑا جیسی خوبصورت پرفارمنس دیں۔ یونیورسٹی میں روایتی کھانوں کا اہتمام کیا گیا۔ مختلف سٹالز پر طلبا و طالبات کا رش رہا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد رفیق بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر سٹوڈنٹ آفیرز سید تنویر عباس تابش، فیکلٹی اور طلبا و طالبات کو شاندار ایونٹ ارینج کرنے پر مبارکباد دی۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی کلچرل تقریبات سے ہم صوبائی ہم آہنگی کوفروٖغ دے سکتے ہیں۔
خدا تعالیٰ نے ہمیں متفرق خصوصیات سے نوازا ہے۔ ہماری اساس ایک ہے لیکن ہم کھانے پینے،لباس ، مادری زبان اور رسم و رواج میں اپنی الگ الگ پہچان رکھتے ہیں۔ طلبا و طالبات اپنی تعلیم و تربیت سے سارے صوبوں میں بھائی چارے کو بڑھا سکتے ہیں۔ صدر یونیورسٹی میاں ظہور وٹو نے اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ نے وطن عزیز کو بے مثال نعمتوں سے نوازا ہے۔ ہمارے سب صوبوں میں قدرتی لحاظ سے منفرد موسم ہیں۔ زبان خوبصورت ہے اور رسم و رواج اور روایات بھی ایک خاص مقام رکھتی ہیں۔اس طرح کی تقریبات سے طلبا و طالبات کو اپنی صلاحیتیوں کے اظہارکا موقع ملتا ہے۔ لیڈز یونیورسٹی کے قیام کا بھی یہی مقصد ہے کہ معیاری اور افورڈایبل تعلیم تمام پاکستانیوں کیلئے ہے۔ ڈائریکٹر سٹوڈنٹ آفیرز تنویر عباس تابش نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لیڈز یونیورسٹی میں چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والے سٹوڈنٹ مختلف شعبوں میں زیر تعلیم ہیں۔ انکی پڑھائی میں لگن اور پاکستان کی ترقی کے بارے میں عزم قابل ستائش ہے۔ سندھی،بلوچی، پختون، پنجابی، گلگتی اور سرائیکی طلبا و طالبات کی اپنے کلچر سے واقفیت اور آگاہی قابل ذکر ہے۔ تقریب کے آخر میں بہترین کارکردگی پر سٹوڈنٹس میں ایوارڈز اور تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔