لاہور سمیت 6اضلاع میں کارروائی ، 540کنال رقبے پر زہریلے پانی سے کاشت کی جانیوالی سبزیاں تلف


لاہور(کامرس رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے زہریلی اشیاء خورونوش کو جڑ سے اکھاڑنے کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے صوبے بھر میں زہریلے پانی اور ٹیکسٹائل ویسٹ سے اگائی گئی540 کنال رقبے پرمحیط مضر صحت سبزیاں تلف کر دیں ۔تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر کے 6 اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے مضر صحت سبزیاں تلف کی گئیں۔اے ڈی جی آپریشنز رافعہ حیدر کی سربراہی میں لاہور کے مضافاتی علاقے بند روڈ اور ٹھوکر نیاز بیگ میں زہریلے سیوریج اور ٹیکسٹائل ویسٹ ملے پانی سے سیراب کرنے کی بنا پر 90 کنال اراضی پر اگائی گئی مضر صحت سبزیاں ہل چلا کرتلف کر دی گئیں ۔علاوہ ازیں پنجاب فوڈ اتھارٹی فوڈ سیفٹی ٹیمز نے فیصل آباد میں 78 کنال ،ساہیوال اور ملتان ڈویژن میں 144 کنال جبکہ سرگودھا اور گوجرانوالہ ڈویژن میں 202 کنال زمین پر زہریلی سبزیاں ہل چلا کر تلف کر دیں ۔اس حوالے سے اے ڈی جی آپریشنز رافیعہ حیدرنے واضح کیا کہ زہریلے پانی سے اگنے والی سبزیوں میں ٹیکسٹائل کیمیکل اور دیگر زہریلے مادے شامل ہو کر خوراک کا حصہ بنتے ہیں جو انسانوں کے لئے خطر ناک بیماریوں کاسبب بنتے ہیں۔ زہریلے پانی سے کاشت کاری کے خاتمے کے لئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں دن رات متحرک ہیں تاہم بہتر غذائیت کے لیے شہروں میں رہنے والے عوام سے گزارش ہے کہ کچن گارڈننگ کو اپنا ئیں جبکہ دیہاتوں کے عوام اپنی زمینوں پر ضرورت کے مطابق سبزیاں خود اگائیں۔ رافعہ حیدر کامزید کہنا تھا کہ قوانین کی خلاف ورزی پر فصلیں تلف کرنے کے علاوہ مزیدقانونی کاروائی کی جائے گی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...