اورنج ٹرین منصوبہ لاہور میں ترقی کی نئی راہیں کھولے گا : خواجہ احمد حسان


لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب کے مشیر اور سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا ہے کہ اورنج لائن کی تعمیر کے لئے حصول اراضی کی خاطر جائیدادوں کے مالکان کو ابھی تک 16ارب روپے ادا کئے جا چکے ہیں ۔ لاہور میٹر وبس کے ذریعے ہر روز ڈیڑھ لاکھ افراد سفر کر رہے ہیں جبکہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ذریعے روزانہ اڑھائی لاکھ لوگوں کو جدید سفری سہولت مہیاہو گی۔ میٹرو بس کے لئے گجومتہ سے شاہدرہ تک گرین لائن کی تکمیل کے بعد اب اورنج لائن کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے ۔ یہ منصوبہ شہر میں ترقی کی نئی راہیں کھولے گا اور شہر کے کلچر پر مثبت اثرات مرتب کرے گا ۔بعد ازاں پرپل اور بلیولائنوں کے منصوبوں کی تکمیل سے لاہور میں بین الاقوامی معیار کا پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم وجود میں آ جائے گا۔اورنج لائن کے لئے میٹرو ٹرین کے باقی 10سیٹ مارچ کے آخر تک لاہور پہنچ جائیں گے ۔ وہ گزشتہ روز اورنج لائن منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ میٹرو ٹرین کے 27کلومیٹر طویل ٹریک کے اطراف میں واقع سڑکوں پر 50کروڑ روپے کی لاگت سے سبزہ کاری اور شجر کاری کا کام کیا جا ئے گا ۔ سڑکوں کے کنارے10ہزار نئے درخت اور پودے لگائے جائیں گے اور مجموعی طور پر 65ایکڑ گرین ایریا قائم کیا جائے گا ۔ پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی اور نیسپاک نے اس مقصد کے لئے جامع پلان تیار کر لیا ہے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی طورپرمنصوبے کا84.4فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے ۔ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا 89.4فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹاؤن تک پیکیج ٹو کا77فیصد ‘پیکیج تھری ڈپو کا85.2فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا86.1فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔اس کے علاوہ منصوبے کا 41فیصد الیکٹریکل ومکینیکل ورکس بھی مکمل کر لیا گیا ہے ۔ خواجہ احمد حسان نے کہا کہ کراچی اور پشاور میں میٹرو بس سسٹم کا اجرا پاکستان میں سب سے پہلے چلنے والی لاہور میٹرو بس کی کامیابی کا اعتراف ہے ۔ لاہور میٹر وبس کے ذریعے ہر روز ڈیڑھ لاکھ افراد سفر کر رہے ہیں جبکہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ذریعے روزانہ اڑھائی لاکھ لوگوں کو جدید سفری سہولت مہیاہو گی ۔ اجلاس میں ایم پی اے چوہدری شہباز احمد ‘ جنرل منیجرآپریشنز پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سید عزیر شاہ‘جنرل منیجر نیسپاک سلمان حفیظ‘ چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمن اور لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس ‘ ریلوے‘ ٹریفک پولیس ‘سول ڈیفنس ‘ر یسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نگ کنسلٹنس کے نمائندوں اور مقامی کنٹریکٹرز نے شرکت کی ۔
احمد حسان

مزید : میٹروپولیٹن 1

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...