کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں،پاکستان کی شہہ رگ ہے،ذکر اللہ مجاہد

کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں،پاکستان کی شہہ رگ ہے،ذکر اللہ مجاہد

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر)امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہاہے کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں بلکہ پاکستان کی شہ رگ ہے اور بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر کے کشمیر کے امن کو تباہ و برباد کر رکھا ہے ۔ بھارتی فوج کی جارحیت کے ذریعے کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق اور اقوام متحدہ کے بنیادی انسانی حقوق کے چارٹرڈ کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جارہی ہے ۔ جماعت اسلامی کشمیریوں بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے پورا ہفتہ جوش و خروش سے منائے گی جس میں کل یکم فروری کو وارڈز کی سطح پر دعوتی وفود نکالے جائیں گے ، 2تاریخ کو شہر کی 300 سے زائد مساجد کے باہر آزادی کشمیر آگاہی مہم کیمپوں کا انعقاد کیا جائے گا ، 3 تاریخ کو سیمنار بسلسلہ آزادی کشمیر الحمراء ہال میں ہوگا،تاریخ کویونین کونسل کی سطح پر ریلیاں نکالی جائیں گی ، 5تاریخ کو آزادی کشمیر مارچ مال روڈ پر ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے پریس کلب لاہور میں یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔پریس کانفرنس میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد ،جے آئی یوتھ لاہور کے صدر شاہد نوید ملک ، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی لاہور اے ڈی کاشف ، رہنماء جماعت اسلامی عبدالرشید مرزا ، خوشحال شاہین و دیگر موجود تھے ۔ ذکر اللہ مجاہد نے مزیدکہا کہ بھارت نے کشمیر میں آٹھ لاکھ فوج نہتے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو روکنے کیلئے داخل کر رکھی ہے اور وہ یہ سمجھتا ہے کہ شاید ظلم و جبر کے ذریعے ان کو آزادی کی اس جدوجہد سے روک سکیں گا ۔انہو ں نے کہا کہ جمو ں و کشمیر تاریخی ، جغرافیائی ،معاشرتی ،نظریاتی اور مذہبی حوالے سے بھارت کا حصہ کبھی بھی نہیں رہا لیکن بھارت اپنی ہٹ دھرمی سے باز نہیں آرہا ۔

ذکر اللہ مجاہد

مزید : میٹروپولیٹن 1