اماراتی ائیرلائنزکا مسافر عملے سے بدتمیزی کرنے پر گرفتار
دبئی(این این آئی)دبئی کی ملکیتی الامارات ائیر لائنز کی شکاگو جانے والے ایک پرواز میں ایک اکھڑ مسافر کو غیر شائستہ طرز عمل اپنانے پر عملہ نے پکڑ لیاجبکہ اس مسافرنے الزام عائد کیا ہے کہ اسے آٹھ گھنٹے تک کسی کھانے اور پانی کے بغیر حراست میں رکھا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق الامارات نے ایک بیان میں کہا کہ دبئی سے 23 جنوری کو شکاگو جانے والی پرواز ای کے 235 میں سوار ایک مسافر نے دوران سفر غلط طرز عمل کا مظاہرہ کیا جس کے بعد طیارے کے عملہ نے اس کو قابو کر لیا اور شکاگو کے ہوائی اڈے پر اترنے کے بعد اس مسافر کو حکام کے حوالے کردیا ۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ہمارے مسافروں اور عملہ کا تحفظ ہمارے لیے سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے اور اس پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ہم اس موقع پر اس پرواز میں سوار تمام مسافروں کا صورت حال کو سمجھنے پرشکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔ بالخصوص ان افراد کا جنھوں نے طیارے کے عملہ کی اس مسافر پر قابو پانے میں مدد کی تھی۔بعض رپورٹس میں بتایا گیا کہ اس مسافر کی عمر 72 سال تھی اوراس نے کہاکہ مجھے شکاگو جانے والی بین الاقوامی پرواز میں باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔اس کے رشتے داروں کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے بعد سے ابھی تک یوکیسون کے ہوش وحواس بحال نہیں ہوئے ہیں۔اب اس کے وکلاء اماراتی فضائی کمپنی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی تیاری کررہے ہیں۔