ٹرمپ کا خطاب سننے کیلئے میلا نیا کی اکیلے آمد پر قیاس آرائیاں
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ روایت کو توڑتے ہوئے اپنے شوہر ڈونلڈ ٹرمپ کا سالانہ اسٹیٹ آف دی یونین خطاب سننے کے لیے الگ گاڑی میں کیپیٹل ہل پہنچیں، جس سے یہ قیاس آرائیاں ہونے لگیں کہ شاید میلانیا، ڈونلڈ ٹرمپ سے ناراض ہیں۔میلانیا ٹرمپ اپنے شوہر کا سالانہ اسٹیٹ آف دی یونین خطاب سننے جب کانگریس چیمبر میں داخل ہوئیں تو ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔سفید لباس پہنے میلانیا ٹرمپ ہنستی مسکراتی، تالیوں کا جواب دیتی ہوئے اپنی نشست پر جا بیٹھیں۔واضح رہے کہ اداکارہ اسٹارمی ڈینیئل سے ڈونلڈ ٹرمپ کے مبینہ تعلقات کی خبریں سامنے آنے کے بعد میلانیا ٹرمپ کی یہ کسی تقریب میں پہلی شرکت ہے۔اس سے قبل افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ ٹرمپ کا مبینہ اسکینڈل سامنے آنے کے بعد خاتون اول وائٹ ہاؤس چھوڑ کر ہوٹل منتقل ہو گئی ہیں جبکہ میلانیا ٹرمپ پروگرام طے ہونے کے باوجود عالمی اقتصادی کانفرنس کے موقع پر ڈیووس بھی نہیں گئی تھیں۔اگرچہ میلانیا ٹرمپ کے ترجمان نے ان خبروں کی تردید کردی تھی لیکن حالات کچھ اور ہی اشارہ کر رہے ہیں اور آج میلانیا ٹرمپ نے علیحدہ گاڑی میں کیپیٹل ہل پہنچ کر اْس روایت کو توڑ ڈالا جو سابق امریکی صدور نے قائم کی تھی۔واضح رہے کہ اس سے پہلے سابق صدر براک اوباما اپنی اہلیہ مشعل اوباما اور بش جونیئر اپنی اہلیہ لارا بش کے ساتھ کیپٹل ہل جایا کرتے تھے۔یہ پہلا موقع نہیں ہے جب میلانیا ٹرمپ کی ناراضگی خبروں کی زینت بنی ہو۔
میلانیا