بیمار معیشت کی بحالی مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا عظیم کارنامہ : شہباز شریف

بیمار معیشت کی بحالی مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا عظیم کارنامہ : شہباز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل نے ملاقات کی،جس میں قومی معیشت کی مضبوطی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اورچائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت جاری منصوبوں پر بات چیت ہوئی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خود مختار اور خوشحال پاکستان کی منزل کا حصول ہمارا مشن ہے اوراس مشن کی تکمیل کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جار ہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کے باعث معیشت میں نمایاں بہتری آئی ہے اور صوبے میں اقتصادی و تجارتی سرگرمیاں کو فروغ ملا ہے ۔انہوں نے کہا کہ معیشت کو مضبوط بنانے کے حوالے سے حکومت کے اٹھائے گئے موثر اقدامات بار آور ثابت ہوئے ہیں ۔ورثے میں ملنے والی بیمار معیشت کی بحالی پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا عظیم کارنامہ ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی موثر ترقیاتی حکمت عملی کے باعث معاشی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملاہے اور سرمایہ کاری بڑھنے سے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کاعظیم الشان منصوبہ ہے اورسی پیک کے تحت پاکستان بھر میں بہت سے منصوبے مکمل ہوچکے ہیں ۔سی پیک کے تحت توانائی کے منصوبے مکمل ہونے سے ہزاروں میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ دنیا پاکستان میں منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل پر حیران ہے۔چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری کا منصوبہ حقیقی معنوں میں ایک گیم چینجر ثابت ہواہے۔ سی پیک نے پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کے دروازے کھول دیئے ہیں اورہم سی پیک کے عظیم الشان سرمایہ کاری پیکیج پر چین کے صدر، وزیراعظم اور چینی عوام کے شکرگزار ہیں۔انہوں نے کہاکہ سی پیک عظیم دوست چین کا ایسا عظیم تحفہ ہے جسے پاکستان کے عوام کبھی فراموش نہیں کر سکتے ۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے صوبے کی ترقی کیلئے بے مثال اقدامات کیے ہیں۔پنجاب کی ترقی سب کیلئے رول ماڈل بن چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے انتھک محنت اورمثالی اقدامات سے صوبے کو بدل کررکھ دیا ہے ۔
شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -