فساد اور انتشار کی سیاست کرنیوالوں کو عوام نے مسترد کر دیا: مریم اورنگزیب
حافظ آباد ( نمائندہ پاکستان + ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اونگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں فسادی اور انتشاری سیاست کرنے والوں کو عوام نے مسترد کردیا ہے۔ اب پاکستان میں سیاست کارکردگی کی بنیاد پر ہوگی۔ عوام اب جاگ اٹھے ہیں کہ مسلم لیگ ن ہی وہ جماعت ہے جو عوام کی خدمت کررہی ہے۔سابق وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک نے ہر شعبہ میں مثالی ترقی کی اور انکے ویژن کے تحت آرمڈفورسز اور قانون نافذ اداروں کے تعاون سے وفاقی حکومت نے دہشت گردی کا بڑی حد تک خاتمہ کر دیاہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ سی پیک کا منصوبہ نواز شریف کی طرف سے پاکستان کی آنے والی نسلوں کے لئے تحفہ ہے۔ ہمارے مخالفین تنقید کرتے تھے کہ ہم سڑکیں بناتے ہیں لیکن آج موٹروے کی وجہ سے ہی پاکستان میں سی۔پیک منصوبہ پر50ارب روپے کی انویسٹمنٹ کی جارہی ہے۔ نواز شریف نے جب اقتدار سنبھالا اسوقت ملک میں سترہ سے اٹھارہ گھنٹے کی بجلی کی لوڈشیڈنگ ہورہی تھی لیکن پچھلے 66برسوں میں ملک میں اتنی بجلی پیدانہیں ہوئی جتنی گذشتہ چاربرسوں میں پیدا ہوئی۔ اور اسی وجہ سے آج ملک سے لوڈشیڈنگ ختم ہورہی ہے۔مسلم لیگ ن کی وجہ سے ہی گذشتہ چار برسوں میں ملک میں جمہوریت کو فروغ ملااور۔ 2018میں بھی جمہوریت کی جیت ہوگی۔وزیر اعظم نواز شریف کو اقامے کی بنیاد پر گھر بھیج دیا گیا لیکن پانچ ماہ گذرنے کے باوجود اب تک نواز شریف پر ایک روپیہ کی کرپشن بھی ثابت نہیں ہوسکی۔شہباز شریف وہ شخصیت ہیں جوپاکستانیوں بالخصوص پنجاب کے عوام کے دلوں میں جگہ رکھتے ہیں اور سندہ کے عوام بھی اب شہباز شریف جیسے وزیر اعلی کا مطالبہ کرتے دیکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملکی تعمیروترقی ،خوشحالی اور قومی یکجہتی کے فروغ میں پاکستانی پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا بڑا مثبت اور قابل ستائش کردارادا کر رہاہے اور حکومت آزادی صحافت پر پختہ یقین رکھتے ہو ئے صحافیوں سے یہ توقع رکھتی ہے کہ وہ ملکی مفاد ات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی غیر جانبددرانہ اور ایماندارانہ ادائیگی کو ہمیشہ مقدم رکھیں گے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی میرج ہال میں پریس کلب حافظ آباد کے نو منتخب عہدہ داروں کی تقریب حلف برداری میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ ،ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید ،وا ،سرکاری افسران ،عوامی نمائندوں ،صحافیوں اور معززین کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ آج حافظ آباد میں تعلیم ،صحت اور سماجی شعبوں میں نظر آنے والی بہتری میں ایک بڑا ہا تھ میڈیا کا بھی ہے جس نے ہمیشہ انکی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے عوام کو در پیش مسائل کی غیر جانبدارانہ نشان دہی کی ۔انہوں نے کہاکہ انکے قائد نواز شریف کا دل حافظ آباد کے عوام کے ساتھ ہی دھڑکتا ہے اور وہ خادم پنجاب محمد شہباز شریف کی بھی بالخصوص شکر گزار ہیں جنہوں نے ضلع کی تعمیروترقی کے لئے ہمیشہ دل کھول کر فنڈز فراہم کئے انہوں نے کہا کہ آج سرکاری ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی کارکردگی پنجاب کے دیگر اضلاع کے ہم پلہ بلکہ ان سے بہتر ہوئی ہے جس کا اعتراف صوبائی سطح پر بھی کیا جاچکاہے انہوں نے کہاکہ آئیندہ الیکشن میں عوام انکو ووٹ دیں جہنوں نے ساڑھے چار سال دل وجان سے خدمت کی ۔۔ تقریب میں وزیر مملکت برائے اطلاعات نے نو منتخب چےئرمین حاجی امجد پرویز چٹھہ ،صدر رانا محمد ارشد انجم ،وائس چےئرمین عابد پھلروان ،جنرل سکریٹری حافظ محمد عزیزالرحمن ،جوائنٹ سکریٹری علی ناصر ،فنانس سکریٹری ملک حامد رضا ،سکریڑی اطلاعات محمد دصدیقی جبکہ آفس سکریڑی ندیم عباس گجر سے انکے عہدوں کا حلف لیا سابق چےئرمین پریس کلب حاجی شفقت حسین تارڑ اور سکریٹر ی جنرل ملک ہمایوں شہزاد نے نو منتخب عہدہ داروں کو مبارکباد دیتے ہوئے انکے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہاکہ انہوں نے صحافیوں کی فلاح وبہبود کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے اور وہ اس عرصہ کے دوران ملنے والے تعاون پر دوستوں کے مشکور ہیں ۔